شہبازکا لندن جانا مشکل ہے، چودھریوں کو نیب کچھ نہیں کہے گا

شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا لندن جانا مشکل ہے، ٹارزن کی واپسی کو کوئی نہیں روک سکتا، نیب سرکاری اور غیر سرکاری دونوں کیس دیکھے گا، چودھری برادران ہمارے بھائی ہیں، نیب انھیں کچھ نہیں کہے گا، امید ہے عید سے پہلے دو تین ٹرینیں کھل جائیں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہابڑے پیمانے پر نیب کو ٹارزن بنتے دیکھ رہاہوں، اگر نیب اب بھی نہ بنا تو اپنی اہمیت کھوجائے گا، عید کے بعد حکومتی رہنما بھی نشانے پر آسکتے ہیں، ٹارزن کی واپسی ہوگی اور وہ سرکاری و غیر سرکاری دونوں کیس دیکھے گا، حکومت اور اپوزیشن دونوں طرف سے لوگ نیب کی زد میں آئیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے کاغذ لندن بھول آئے ہیں، نیب نے جتنے سوال کیے شہباز شریف نے کہا کاغذ لندن میں ہیں لیکن انھیں لندن جانے کی اجازت نہیں ملے گی ان کا کہنا تھا کہ جس دن شوگر ملز کی فرانزک رپورٹ آئے گی، عمران خان ایکشن لیں گے۔اس حوالے سے کارروائی کرنا ہماری مجبوری ہے کیونکہ عمران خان نے اس کا وعدہ کیا ہے، کرائے کے بجلی گھروں سے متعلق انکوائری میں پانچ چھ ماہ کا عرصہ لگے گا، یہ معاملہ زیر غور ہے، ابھی تحقیقاتی کمیشن کا انچارج جج تعینات ہونا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ریلوے حادثات پر محکمے میں تفصیلی بات ہوئی ہے، اس کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے، ملوث کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے اور سینئر افسران کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ق لیگ کے چوہدری برادران ہمارے بھائی ہیں، ان کے خلاف کچھ نہیں ہوگا، نیب انکوائری کا کھلنا کوئی مسئلہ نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، کشمیر کے حالات پاکستان بھارت میں چھوٹے تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا رواں ماہ 5 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، 30 دسمبر تک تمام ریلوے کالونیز میں بجلی کے میٹر لگ جائیں گے، 10 مئی سے ٹرینیں چلانے پر وفاق نے ساتھ دیا، امید ہے عید سے پہلے ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button