شہباز حکومت کے 3افسران نگران وزیراعظم کے ساتھ کام جاری رکھیں گے

وفاقی حکومت میں اقتدار کی تبدیلی کے تناظر میں سول انتظامیہ میں کوئی بڑا ردوبدل نہیں ہوگا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیشرو شہباز شریف کے تین سینئر قریبی ساتھیوں کو برقرار رکھا ہے جب کہ فوری طور پر کسی وفاقی سیکرٹری کو نکال باہر نہیں کیا جائے گا۔زیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، شہباز شریف کے سابق مشیر اور گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر احد چیمہ اور جوائنٹ سیکرٹری محب علی کو نئے وزیراعظم نے برقرار رکھا ہے۔
انفارمیشن گروپ کے ایک افسر، وزیراعظم کے پریس سیکرٹری، عبدالاکبر بھی ان افسران میں شامل ہوں گے جو عہدے پر برقرار رہیں گے۔
دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ ارشد منیر خان جنہیں بی پی ایس گریڈ 21 میں ترقی دی گئی ہے ان کو عاصم کھچی کی جگہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) تعینات کیا جائے گا۔بریگیڈئیر تاجدید ممتاز وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ کا اعلان اس ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا اور امکان ہے کہ وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے ذریعے نئے چہرے متعارف کرائے جائیں گے۔
