شیخ رشید نے حریم شاہ کو بکواس بند کرنے کا کیوں کہا؟


پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر حریم شاہ اور شیخ رشید کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں حریم شاہ وفاقی وزیر داخلہ کا نمبر ڈائل کر کے ان سے گفتگو پر اصرار کرتی ہے جبکہ جواب میں شیخ صاحب غصے میں اسے بکواس بند کرنے کہہ کر فون بند کر دیتے ہیں۔ تاہم شیخ صاحب سے جھاڑ کھانے کے بعد حریم شاہ اپنی خفت مٹانے کے لیے ہنسنا شروع کر دیتی ہے۔
متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی یہ وائرل ویڈیو ایک ٹی وی شو کی ہے جس کے دوران وہ میزبان کے اصرار پر شیخ رشید کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات ثابت کرنے کے لیے موبائل سے ان کا نمبر ڈائل کر دیتی ہے۔ یہ پروگرام 24 نومبر کو ٹی وی پر نشر ہوگا۔ تاہم اس پروگرام کے مختصر دورانیے کے ٹیزر میں میزبان حریم شاہ سے پوچھتا ہے کہ اگر وہ شیخ رشید کو فون کریں گی تو کیا وہ اٹینڈ کریں گے؟ اس پر ٹک ٹاک اسٹار کہتی ہے کہ وہ ابھی انہیں فون کرتی ہے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے؟
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ وزیر داخلہ کا نمبر ملاتی ہے اور اس دوران وہ موبائل کا اسکرین بھی دکھاتی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ کا نمبر ’شیخو‘ کے نام سے محفوظ کر رکھا ہے۔ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخ رشید ٹک ٹاک اسٹار کی کال اٹھاتے ہی اسے کہتے ہیں کہ وہ ابھی مصروف ہیں لہذا انہیں بعد میں فون کیا جائے۔ لیکن حریم شاہ بات کرنے پر اصرار کرتی ہے۔
ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ کے اصرار پر وزیر داخلہ شیخ رشید اسے جھاڑ پلادیتے ہیں اور سخت لہجے میں کہتے ہیں کہ اپنی ’بکواس بند کرو’۔ پروگرام کے ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے جھاڑ کھانے کے بعد حریم شاہ کھسیانی ہو کر ہنسنا شروع دیتی ہے اور اپنا فون بند کردیتی ہے۔
یاد رہے کہ اس پروگرام سے پہلے بھی حریم شاہ وزیر داخلہ سے متعلق رنگ برنگی باتیں کرتی رہی ہے۔ ماضی میں حریم کی وزیر داخلہ کو فون کال کرنے کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں شیخ صاحب اس کے ساتھ کافی فرینک ہو کر نازیبا گفتگو کرتے سنائی دیتے ہیں۔ حریم شاہ اس ویڈیو کال میں شیخ رشید کو کہتی ہے کہ وہ شادی کیوں نہیں کرتے تو جواب میں وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ میں تو گھر پر ہوتا ہی نہیں، ویسے بھی میں اس عمر میں محلے داروں کے لئے تو شادی نہیں کروں گا۔
ماضی میں حریم شاہ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کی ایک دوست نے شیخ رشید سے نکاح کر رکھا ہے لہذا وہ انکے بہنوئی لگتے ہیں۔ تاہم نہ تو کبھی شیخ رشید نے اپنی فون کالز لیک ہونے پر کوئی بیان جاری کیا ہے اور نہ ہی ایسا کرنے پر حریم کے ساتھ تعلقات ختم کئے ہیں۔ اس کا ایک تازہ ثبوت ان کی حریم کے ساتھ ٹی وی شو میں فون پر ہونے والی گفتگو بھی ہے۔
خیال رہے کہ حریم شاہ اپنے متنازع بیانات، ویڈیوز اور دعووں کی وجہ سے بدنام ہیں اور انہیں ’اسکینڈل اسٹار‘ بھی کہا جاتا ہے۔ دو ماہ پہلے انہوں نے یہ دعویٰ کردیا تھا کہ سندھ کے ایک صوبائی وزیر ان کے شوہر بن چکے ہیں اور وہ ہنی مون کے لیے استنبول جانے والے ہیں۔ تاہم بعد میں ہمیشہ کی طرح ان کا یہ دعویٰ بھی جھوٹا نکلا۔

Back to top button