صدر اور وزیر اعظم سے پاک فوج کی نئی قیادت کی ملاقاتیں

افواج پاکستان کے نئے سپہ سالارجنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ایوان صدر میں نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی عہدے سنبھالنے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پہلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سلامتی اوردیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔
جس کے بعد نئی فوجی قیادت ایوان وزیر اعظم پہنچی جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں شہبازشریف نے نئے آرمی چیف کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے، پورا یقین ہے آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مادرِ وطن کے تحفظ وسلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالیٰ آپ کی مدد و رہنمائی فراہم فرمائے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔
