آبنائے ہرمز کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے: ایران

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہوگا۔
کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر کسی بھی قسم کے دباؤ یا دھمکی کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران امریکا کی دھمکیوں اور طاقت کے مظاہرے سے خوفزدہ نہیں ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز خطے میں ایک انتہائی اہم آبی گزرگاہ ہے اور اس سے متعلق کسی بھی فیصلے میں ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کو اولین ترجیح دے گا۔
انہوں نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور اپنے حقوق کے تحفظ کےلیے کسی بھی دباؤ کا مقابلہ کرنے کےلیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے طاقت کے استعمال یا دھمکی آمیز بیانات ایران کے مؤقف کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کو جلد امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ وہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایران پر سخت معاشی دباؤ ڈالنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔
