9 مئی مقدمات: شیخ رشید عدالت میں پیش، سماعت 29 اگست تک ملتوی

9 مئی کے 11 مقدمات میں شیخ رشید احمد اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔
راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نو مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار شہباز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہو ئے تو انہیں حاضری لگاکر جانے کی اجازت مل گئی، عدالت نے مقدمات کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ نو مئی کے 11 مقدمات راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں،ان مقدمات میں عمران خان،شاہ محمود قریشی اور علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور پانچ سو سے زائد کارکن نامزد ہیں۔
