طوبیٰ انور نا مناسب میسج ملنے کی وجہ سے پریشان 

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ ماڈل اور اداکارہ طوبیٰ انور اپنا موبائل نمبر لیک ہو جانے کے بعد انجان نمبروں سے قابل نفرت اور تضحیک آمیز پیغامات ملنے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔ طوبیٰ انور نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں بتایا کہ ان کا موبائل نمبر کچھ ہفتے پہلے کسی شخص نے سوشل میڈیا پر لیک کر دیا تھا اور انہیں انجان نمبروں سے مسلسل بڑی تعداد میں نامناسب اور نفرت انگیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تعجب کا اظہار کیا کہ ایسا کرنے والے افراد کے پاس اتنا فارغ وقت کہاں سے آتا ہے اور وہ کس طرح ایسے کاموں میں اپنی توانائی ضائع کرتے ہیں جو دوسروں کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔

طوبی ٰانور نے لکھا کہ وہ نامناسب اور توہین آمیز زبان پر مشتمل پیغامات موصول ہونے کے بعد خود کو بے بس اور بیمار محسوس کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ انہیں موصول ہونے والے پیغامات میں استعمال کی گئی زبان اس قدر غلیط اور نامناسب ہے کہ وہ ان کے اسکرین شاٹ بھی شیئر نہیں کر سکتیں۔انہوں نے لکھا کہ وہ متعدد ماہ سے اس عمل کو برداشت کر رہی ہیں اور ان کا نمبر لیک کرنا کسی بھی ذاتی شخصیت کی نجی زندگی کے خلاف ہے اور یہ عمل انتہائی بیہودہ اور دوسروں کو تکلیف میں مبتلا کرنے والا ہے۔طوبی انور نے لکھا کہ انہیں شک ہے کہ انہیں جن متعدد انجان نمبروں سے نفرت انگیز اور نامناسب پیغامات بھیجے جا رہے ہیں، ان میں سے کچھ نمبرز کے حامل افراد مسلسل ان کی نگرانی کر رہے ہیں اور وہ کبھی بھی انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اداکارہ نے انجان نمبروں سے خود کو موصول ہونے والے پیغامات کو پریشانی کا سبب قرار دیا۔

طوبیٰ انور نے گندے پیغامات بھیجنے والوں کے لیے لکھا کہ جو کوئی بھی ان کے ساتھ یہ حرکت کر رہا ہے، وہ یہ جان لے کہ یہ انتہائی غلط کام ہے اور اس سے کسی کی زندگی عذاب ہو سکتی ہے، ایسے لوگوں کو کسی کی ذاتی زندگی اور معلومات کو شیئر کرکے ہراساں کرنا فوری بند کرنا چاہئے۔ اگرچہ اداکارہ نے بتایا کہ ان کا نمبر لیک کرکے انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، تاہم انہوں نے کسی بھی میسیج کا اسکرین شاٹ شیئر نہیں کیا۔

خیال رہے کہ طوبیٰ انور نے ڈاکٹر عامر لیاقت سے 2018 کے وسط میں خفیہ شادی کی تھی، جس کا عامر لیاقت نے 2020 میں اعتراف کیا تھا۔دونوں کے درمیان 2021 کے اختتام پر اختلاف کی خبریں سامنے آئیں جس کے بعد فروری 2022 میں طوبیٰ نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔ دونوں کی عمر میں نمایاں فرق تھا، جس وجہ سے ان کی شادی پر تنقید بھی کی جاتی رہی۔ طوبیٰ انور سے عامر لیاقت کی دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے ڈاکٹر بشریٰ اقبال سےشادی  کی تھی، جن سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔

طوبیٰ انور سے خلع کے بعد اسی ماہ یعنی فروری 2022 میں عامر لیاقت نے 18 سالہ لڑکی دانیہ ملک سے شادی کی تھی مگر چند ماہ بعد ہی ان میں اختلافات ہوگئے تھے اور دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی لگائے۔ اس کے بعد دانیہ شاہ نے خلع کا دعویٰ دائر کر دیا تھا لیکن اس کے فائنل ہونے سے پہلے ہی جون 2022 میں عامر لیاقت شدید ڈپریشن کا شکار ہوکر پراسرار حالات میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے تھے۔

Back to top button