عامر لیاقت تیسری شادی کر کے بری طرح پھنس گئے


معروف ٹی وی اینکر اور تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اپنی مبینہ تیسری شادی کے معاملے پر بری طرح پھنستے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ عامر لیاقت نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی تیسری شادی کی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے انہیں یکسر مسترد تو کر دیا ہے لیکن دوسری جانب ان کی تیسری اہلیہ ہونے کی دعوے دار ماڈل اور اداکارہ ہانیہ خان کا اصرار ہے کہ وہ عامر کی تیسری اہلیہ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی تیسری شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ اداکارہ و ماڈل ہانیہ خان نے سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز و تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ عامر لیاقت کی تیسری بیوی ہیں اور اب عامر نے انہیں دھوکہ دے دیانیے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ عامر اور ان کی دوسری بیوی طوبیٰ نے انہیں نقصان پہنچانے کے لیے ان پر کالا جادو کروایا ہے۔ ہانیہ خان کی جانب سے عامر لیاقت کے ساتھ کی گئی ٹیلی فونک گفتگو، واٹس ایپ چیٹ اور ویڈیو کالز کے اسکرین شاٹس، اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں جن سے ان دونوں کا تعلق واضح ہو کر سامنے آجاتا ہے۔
ہانیہ خان نے دعویٰ کیا کہ ان کا عامر لیاقت سے تعلق بہت پرانا ہے اور انکے اہل خانہ بھی انکی شادی کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کی شادی ہوئی تھی لیکن بعد میں عامر کی دوسری بیوی طوبیٰ عامر نے ان کا گھر اجاڑنے کے لیے میرے خلاف مہم چلانا شروع کر دی۔ ہانیہ نے عامر لیاقت کو منافق قرار دیتے ہوئے یہ الزام بھی لگایا کہ انہوں نے ان کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم کے دوران ہانیہ خان نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ انہوں نے زندگی سے تنگ آ کر متعدد مواقع پر خودکشی کی کوشش بھی کی تھی۔ ہانیہ خان نے عامر لیاقت پر یہ الزام بھی لگایا کہ انہوں نے ان کے اہلخانہ سے دور کردیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں نے عامر کی خاطر گھر والوں سے جھگڑا بھی کیا اور ماں باپ سے ہاتھا پائی بھی کی لیکن اب انکے پاس صرف پچھتاوا ہے۔انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر عامر سچے اور ایماندار ہیں، جیسا وہ دعویٰ کرتے ہیں تو پھر انہیں اپنے ساتھ میرے تعلق کی سچائی بیان کرنی چاہیے اور تمام سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔
اس سب کے بعد انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے عامر لیاقت کی تیسری شادی پر حیرت کا اظہار کیا گیا تھا۔ ہانیہ خان کے الزامات کے جواب میں عامر لیاقت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بیان میں ہانیہ کے شادی کے دعووں کو مسترد کردیا ہے۔ عامر نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کہا کہ ‘آپ لوگوں نے ماشااللہ میری 3، 4 اور 5 شادیاں کراچکے ہیں لیکن میری ایک ہی شادی ہے جو طوبیٰ سے ہے’۔ عجیب و غریب بیانات پر مبنی اس ویڈیو میں عامر لیاقت نے کہا کہ ‘عورت کے زیادہ بولنے کا شکوہ تو سبھی کرتے ہیں لیکن گونگی عورت سے بھی کوئی شادی نہیں کرنا چاہتا’۔ انہوں نے اپنی لا یعنی گفتگو میں مزید کہا کہ انسان کا انسان کے آگے رونا حرام لکھ ہے، رونا ہے تو صرف خدا کے آگے رونا ہے’۔ تاہم مذکورہ ویڈیو میں شادی کی افواہیں مسترد کرنے کے بیان کے علاوہ ان کی جانب سے کی جانے والی باتوں کو سمجھا نہیں جاسکا کہ وہ کس جانب اشارہ کررہے ہیں۔ دوسری جانب ہانیہ خان نے عامر لیاقت کے دعوے کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سو فیصد ان کی تیسری اہلیہ ہیں۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت نے اپنی دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، جو کہ طوبیٰ سے ہوئی تھی۔ عامر نے اپنی اس شادی کو کچھ عرصہ خفیہ رکھا تھا تاہم جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرواتے ہوئے انہوں نے دوسری شادی کا اعتراف کر لیا تھا۔ اس اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ہنگامہ سامنے آیا تاہم انہوں نے چند ماہ کی افواہوں کے بعد دسمبر 2018 میں پہلی بار عوامی سطح پر دوسری شادی کا اعتراف کر۔لیا۔ عامر کی جانب سے دوسری شادی کے عوامی سطح پر اعتراف کے ٹھیک دو سال بعد دسمبر 2020 میں ان کی پہلی اہلیہ بشری نے تصدیق کی تھی کہ انکے شوہر نے انہیں طلاق دے دی ہے۔ سیدہ بشریٰ اقبال نے اپنی ٹوئٹ اور انسٹاگرام پوسٹ میں مختصر طور پر تصدیق کی تھی کہ عامر لیاقت حسین نے انہیں طلاق دے دی ہے۔ بشریٰ نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ عامر نے انہیں کب طلاق دی تھی تاہم بتایا کہ سابق شوہر نے انہیں دوسری اہلیہ کے اصرار پر طلاق دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button