پاکستان اور چین امن اور مشترکہ خوش حالی کام کرتے رہیں گے: اسحاق ڈار

 

 

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے، جب کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے اور دنیا میں امن و استحکام کےلیے مشترکہ طور پر کام کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے قیام کی 105 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے چین کو غیرمعمولی معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا، کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا اور دنیا کےلیے مشترکہ ترقی اور خوش حالی کی نئی مثال قائم کی۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور بنیادی مفادات کے احترام پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی جماعتوں کی سطح پر مسلسل رابطوں نے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا اور عوامی روابط کو فروغ دیاہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان بھی دیرینہ تعلقات موجود ہیں، جب کہ چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ روابط برقرار رکھتا ہے۔رواں برس مئی میں بیجنگ میں پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کی تقریب میں مختلف پاکستانی سیاسی جماعتوں نے بھی شرکت کی،جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ 2015 میں شروع ہونےوالا چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے تعلقات میں سنگ میل ثابت ہوا۔سی پیک نے پاکستان میں توانائی کے بحران کے خاتمے،سڑکوں کے جال کی توسیع،روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔اب سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت،زراعت، معدنیات،آئی ٹی اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دی جارہی ہے،جو حکومت کے “پانچ ایز” ترقیاتی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کےلیے بھی قریبی تعاون کیا۔دونوں ممالک نے رواں برس مشترکہ پانچ نکاتی امن منصوبہ پیش کیا، جس میں کشیدگی کے خاتمے،مذاکرات،سمندری راستوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد پر زور دیاگیا، جسے عالمی سطح پر وسیع حمایت حاصل ہوئی۔

وزیراعظم کی ’مینگو ڈپلومیسی‘: 76 ممالک کو پاکستانی آم تحفے میں بھیجنے کا فیصلہ

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کے نتیجے میں 18 جون کو امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ممکن ہوئے، جب کہ ان امن کوششوں کو چینی صدر شی جن پنگ کی مذاکرات پر مبنی امن تجویز سے بھی تقویت ملی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی آہنی دوستی کو مزید مضبوط بنانے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے اور خطے سمیت دنیا میں امن، استحکام اور مشترکہ خوش حالی کےلیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

 

Back to top button