عامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کی مخالفت


مرحوم عامر لیاقت حسین کی موت کے بعد ان کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے متوقع اقدام پر شوبز انڈسٹری نے انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بچوں پر رحم کی اپیل کر دی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ قبر کشائی کر کے لاش کی بے حرمتی نہ کی جائے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور ریشم نے عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے فیصلے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے جس میں درخواست کی کہ خدارا مرحوم کے بچوں پر رحم کریں، انہیں مزید اذیت میں مبتلا نہ کریں۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہم سب بہت تکلیف میں ہیں، پچھلا پورا ہفتہ ہم نے دکھ میں گزارا، عامر لیاقت کا یوں دنیا سے جانا ناصرف ان کے دوستوں بلکہ دشمنوں کو بھی دُکھی کرگیا، یوں تو ہر کسی کے جانے کا دن مقرر ہے، ہوسکتا ہے وہ ویسے ہی دنیا سے چلے جاتے لیکن اب جس طرح وہ گئے ہیں خدا کرے ایسا کسی دشمن کے ساتھ بھی نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ عامر کی اچانک۔موت کی ایک وجہ سوشل میڈیا بھی ہے۔ میں سمجھتی ہوں سوشل میڈیا ان بلاؤں میں سے ایک ہے جن کا قرآن میں ذکر ہے، سوشل میڈیا لوگوں کی زندگیاں برباد کرتا ہے۔ قبر کشائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ ‘خدارا عامر لیاقت کو اب بخش دیں، پہلی بات یہ کہ عامر لیاقت کو کوئی کیوں قتل کرے گا وہ تو پہلے ہی روزانہ مر رہے تھے، ہم سب انہیں مار رہے تھے، میری مجسٹریٹ سے درخواست ہے کہ پوسٹ مارٹم کی درخواست دینے والے عام شہری کو ایک طرف کریں اور ان کے اہلخانہ اور بچوں کی بات سنیں کیونکہ اس وقت سب سے زیادہ وہ ہی متاثر ہیں، ابھی تو ان کے بچوں کو بہت کچھ دیکھنا ہے لہٰذا ان پر رحم کریں۔

اسی طرح اداکارہ ریشم کا قبر کشائی کے فیصلے کے حوالے سے کہنا تھا کہہ کسی کو سپرد خاک کرنے کے بعد قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قبیح عمل ہے، اللہ تعالیٰ عامر لیاقت کے درجات بلند کرے۔ اداکارہ اُشنا شاہ اور معروف نیوز اینکر وسیم بادامی نے بھی عامر لیاقت کی قبر کشائی کے خلاف اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے اور ان کی جانب سے اس فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔

Back to top button