عمران اور فوج کے بریک اپ کے بعد ایک اور بڑا بریک اپ

سوشل میڈیا پر یہ خبر گرم ہے کہ عمران خان اور فوجی اسٹیبلشمنٹ کے بریک اپ کے بعد اب سال 2022 کا دوسرا بڑا بریک اپ بھی ہو چکا ہے جو کہ اداکار شہباز شگری اور گلوکارہ آئمہ بیگ کی منگنی ٹوٹنے کا ہے۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جولائی 2021 میں منگنی کرنے والے شہباز شگری، اور آئمہ بیگ کے درمیان تعلقات اختلافات کا شکار ہوگئے ہیں، دونوں نے ایک دوسرے کی سوشل میڈیا سے تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں، جبکہ اکثر صارفین دونوں کی منگنی ٹوٹنے کی بھی باتیں کر رہے ہیں۔ آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے اسلام آباد میں اہل خانہ، دوستوں اور شوبز شخصیات کی موجودگی میں منگنی کی تھی اور اس سے قبل ہی دونوں میڈیا کے سامنے ایک دوسرے سے اظہار محبت بھی کرتے رہے تھے۔
دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات استوار ہونے اور منگنی کے بعد ان کی شادی شوبز انڈسٹری کا اہم موضوع بنی رہی مگر اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ دونوں نے مبینہ طور پر راہیں جدا کر لیں، سوشل میڈیا پر دونوں کے حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں نے اختلافات پیدا ہونے کے بعد ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی، تاہم اس حوالے سے مصدقہ اطلاعات نہیں ہیں۔
اگر دونوں کے انسٹا گرام اکاؤنٹس کا جائزہ لیا جائے تو دونوں نے ایکساتھ کھچوائی گئی اپنی تمام پرانی تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں جبکہ دونوں نے دوسرے لوگوں کے ساتھ گروپ تصاویر کو بھی اکاؤنٹس سے ہٹا دیا۔ بعض سوشل میڈیا پیجز دعویٰ کر رہے ہیں کہ دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹا گرام پر ان فالو بھی کر دیا، تاہم جائزہ لیے جانے سے معلوم ہوا کہ دونوں نے تاحال ایک دوسرے کو فالو کر رکھا ہے، اتفاق سے آئمہ بیگ نے شہباز شگری اور اپنی بزنس منیجر کومل بیگ کے ہمراہ اکتوبر 2020 میں کھچوائی گئی تصویر ڈیلیٹ نہیں کی ہے، جس پر لوگوں نے انہیں طعنے دیئے اور یاد دلایا کہ ان سے تصویر ڈیلیٹ ہونے سے رہ گئی۔
لوگوں نے دونوں سٹارز کی دو سال پرانی تصویر پر جا کر کمنٹس کیے اور گلوکارہ کو تجویز دی کہ وہ تصویر بھی ڈیلیٹ کر دیں اگرچہ دونوں کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں ہیں، تاہم دونوں نے اس پر تاحال کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔ آئمہ بیگ اور شہباز شگری نے اکتوبر 2021 میں ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان ’پرے ہٹ لو‘ فلم کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے تھے، ان کے درمیان تین سال سے تعلقات ہیں اور وہ جلد شادی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اسی پروگرام میں شہباز شگری نے احسن خان کے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ آئمہ بیگ شادی سے ایک گھنٹہ قبل کوئی نہ کوئی بہانا بنا کر ان سے جھگڑا کریں گی۔
