عبدالقدیر خان کی درخواست پر وزارت داخلہ ، صحت سے جواب طلب

مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طلبا کو تشدد کا نشانہ بنانے اور پی ایم سی کے امتحانات کیخلاف دائر آخری درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے جواب طلب کر لیا ہے۔
ایڈوکیٹ وقاص ملک نے عبدالقدیرخان کی درخواست ان کی وفات کے بعد خود دائرکی تھی جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سماعت کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کتنے طلبہ تشدد سے زخمی اورکتنے گرفتار ہوئے؟ این ایل ای ٹیسٹ کیسے لیے جا رہے ہیں؟ اس پراسس سے آگاہ کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرحوم ایٹمی سائنسدان کی درخواست پر سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے بھی تین ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے اور وزارت داخلہ سے میڈیکل کے طلبہ کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی مانگ لیا ہے۔
