عثمان بزدار نہیں، وزیر اعظم کی ٹیم ہیں، ناراض اراکین پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک کے سینئیر رکن سردار شہاب کا کہنا ہے کہ ہم عثمان بزدار کی نہیں بلکہ عمران خان کی ٹیم کا حصہ ہیں۔اس لئے پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تبدیلی سمیت وزیراعظم کا ہر فیصلہ قبول کریں گے.
ناراض گروپ کے سینئیر رہنما سردار شہباب کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کا یہ کہنا غلط ہے کہ ہمارا گروپ عثمان بزدار نے بنوایا ہے۔ اس طرح کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں، ہم اپنے مطالبات کی عدم تکمیل پر حکومتی رویہ سے نالاں ہیں.
انہوں نے واضح کیا کہ ہم عثمان بزدار کی نہیں بلکہ عمران خان کی ٹیم ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ کی تبدیلی ہوتی ہے تو ہم وزیراعظم عمران خان کے حکم کی تعمیل کریں گے۔وزیراعظم پنجاب کے لیے جس کو بھی نامزد کریں گے ہمیں قبول ہو گا۔جبکہ دوسری طرف تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی غضنفر عباس چھینہ نے مطالبات پورے نہ ہونے پر پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔غضنفر عباس چھینہ نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فنڈز فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم بالکل ناراض ہیں کیونکہ ہمیں فنڈز نہیں مل رہے۔ آج اپنی مشاورت میں تمام چیزیں طے کر لیں گے۔ رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ ہم سے اپوزیشن سمیت کسی اور جماعت نے رابط نہیں کیا۔ اگر فنڈز نہ ملے تو پھر مستقبل بارے سوچنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے 20 ناراض اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنا الگ گروپ بنایا تھا۔ ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کو تحفظات دور کرنے کے لیے فروری تک کا وقت دیا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button