عرفان پٹھان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مشہور فاسٹ باؤلر عرفان پٹھان نے تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق پہلے ورلڈ ٹی ٹوئٹنی فائنل کے ہیرو عرفان پٹھان نے طویل عرصے تک نظرانداز کیے جانے کے بعد ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم تھا کہ 2016 کے بعد میں بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی نہیں کرپاؤں گا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سید مشتاق علی ٹرافی کے 16-2015 سیزن میں سب زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والا باؤلر اور بہترین آل راؤنڈر تھا لیکن میں قومی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کرنے والے فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ سلیکٹرز میری باؤلنگ سے زیادہ خوش نہیں تھے اور یہ 2016 کے دوران مجھے بتایا گیا تھا جبکہ میں جانتا تھا کہ میرا دور ختم ہوگیا ہے۔عرفان پٹھان کا کہنا تھا کہ لوگ 27 یا 28 سال کی عمر میں اپنا کیریئر شروع کرتے ہیں اور 35 سال تک کھیلتے ہیں لیکن میں جب 27 سال کا تھا تو بین الاقوامی کرکٹ میں 301 وکٹیں حاصل کرلی تھیں’۔
مشہور آل راؤنڈر نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ میں 500 یا 600 وکٹیں حاصل کرسکوں اور زیادہ رنز بناؤں لیکن ایسا نہیں ہوا جس کا افسوس ہے۔
یاد رہے کہ عرفان پٹھان نے 12 دسمبر 2003 کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس میں انہیں صرف ایک وکٹ ملی تھی جبکہ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبو بھی آسٹریلیا کے خلاف 9 جنوری 2004 کو میلبورن میں کیا تھا۔
برودا سے 2000 میں فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کرنے والے عرفان پٹھان نومبر 2003 میں اس وقت تک دنیائے کرکٹ میں متعارف ہوئے جب انہوں نے لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف انڈر 19 کے میچ میں 16 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔عرفان پٹھان انڈر-19 ورلڈ کپ 2004 کے لیے بھارتی ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے فیورٹ تھے لیکن اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت وہ بھارت کی قومی ٹیم کا حصہ بن گئے۔
