عمران اور بشریٰ کو سنگسار کرنے کی سزا کیوں نہیں دی گئی ؟

پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496 کے تحت غیر قانونی شادی رچانے پر 7سال کی سزا متعین کی گئی ہے غیر شرعی نکاح کے کیس میں اسی شق کے تحت ہی سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سزا سنائی گئی ہے۔ یہ دونوں شکر کریں ،عدالت نے قانون کے مطابق سزا دی ہے ،شریعت کے مطابق انہیں سنگسار کرنے کا حکم نہیں دیا۔اب صورتحال یہ ہے کہ پہلا نکاح عدالت باطل اور فاسد قرار دے چکی ہے ،دوسرے نکاح کی عمران اور بشریٰ خود تردید کرچکے ہیں گویا اب دونوں میاں بیوی نہیں رہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی اور کالم نگار محمد بلال غوری نے اپنے ایک کالم میں کیا ھے ۔ وہ لکھتے ہیں کہ ریاست مدینہ کے علمبردار عمران خان اور روحانیت کی پرچارک بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح کرنے پر نہ صرف سزا ہوچکی ہے بلکہ ان کا نکاح بھی باطل اور فاسدقرار پایا ہے۔اس پر بھانت بھانت کے تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور یہ بحث کسی منطق ،اصول یا تحقیق کے نتیجے میں نہیں کی جارہی بلکہ ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر فتوے صادر فرمائے جارہے ہیں۔اسے حالات کا جبر کہیں یا پھر منافقت کا نام دے لیکن تماشا یہ ہے کہ نام نہاد اسلام پسند، تحریک انصاف کی محبت میں شریعت کو بالائے طاق رکھنے پر اصرار کر رہے ہیں تو لبرل ھونے کے دعوے دار عمران خان کی نفرت میں شرعی قوانین کے نفاذ کا دفاع کرتے پھررہے ہیں۔اگر دین اسلام کی بات کی جائے تو یہ واقعی بہت سنگین معاملہ ہے۔

بلال غوری بتاتے ہیں کہ قرآن میں تین مقامات پر عدت سے متعلق مدت کا تعین کیا گیا ہے۔سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 228 میں نوجوان عورت کی طلاق کی صورت میں عدت کی مدت یہ بتائی گئی ہے کہ جب تین طہر گزر جائیں۔سورۃ بقرہ کی آیت نمبر 234میں شوہر کے وفات پا جانے کی صورت میں بیوہ کیلئے عدت کی مدت 4ماہ قرار دی گئی ہے جبکہ سورۃ طلاق کی آیت نمبر 4میں ان بڑی عمر کی خواتین کیلئے عدت کی مدت بیان کی گئی ہے جن کے ہاں ماہواری کا سلسلہ ختم ہوچکا ہو۔اگر خاتون حاملہ ہوتو بچے کی پیدائش تک بصورت دیگر عدت کیلئےتین ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔اب ایک اعتراض تو یہ کیا جارہا ہے کہ تب سہولیات دستیاب نہیں تھیں ،اب تو محض ایک معمولی ٹیسٹ سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ خاتو ن اُمید سے ہے یا نہیں۔ اس معاملے پر علماء اجتہاد کرلیں یا عدالتیں کوئی فیصلہ دے دیں تو الگ بات ہے ورنہ پہلے سے رائج اصولوں اور قوانین کی روشنی میں ہی فیصلے ہونگے۔بعض اصحاب کا استدلال ہے کہ عورت کی گواہی معتبر ہے ،وہی بتائے گی عدت کی مدت پوری ہوئی یا نہیں،کسی ملزم یا فریق کی گواہی کیسے معتبر ہوسکتی ہے؟تین ماہ میں ہی تین طہر ہوتے ہیں تو یہ مدت 90دن ہوگی اس میں ابہام کیسا؟

بلال غوری کہتے ہیں کہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496کے تحت غیر قانونی شادی رچانے پر 7سال کی سزا متعین کی گئی ہے عمران اور بشریٰ بی بی کے کیس میں اسی شق کے تحت ہی سزا سنائی گئی ہے۔بالعموم جب کوئی مرد کسی عورت کو طلاق دے دیتا ہے تو پھر اس سے لاتعلق ہوجاتا ہے اور یہ ٹوہ نہیں لگاتا کہ وہ کیا کرتی پھرتی ہے اور یہی احسن طریقہ ہے۔لیکن اگر کسی شخص کو لگتا ہے کہ اسکے حقوق متاثر ہوئے ہیں اور وہ عدالت سے رجوع کرتا ہے تو اس پر کوئی کیسے معترض ہوسکتا ہے ؟مذہب ،مسلک اور عقیدہ انسان کا ذاتی معاملہ ہے،ریاست کو دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے۔اسی طرح طلاق ،شادی اور عدت سے متعلق بھی یہی ھونا چاھئے تاوقتیکہ کوئی فریق اپنے حقوق متاثر ہونے کی صورت میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے۔یہ جاننے کی ضرورت نہیں کہ اس سے پہلے کتنے جوڑوں کو سزا ہوئی ہے دیکھا یہ بھی جانا چاہئے کہ کیا اس سے پہلے کسی نے عدالت سے رجوع کیا؟اب اگر خاور مانیکا نے دعویٰ دائر کردیا تھا تو ظاہر ہے اس پر کارروائی ہونا تھی۔
بلال غوری کے مطابق وہ شخص جو ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے ،ہاتھ میں تسبیح پکڑ کر لوگوں کو بیوقوف بناتا ہے ،سیاست میں اسلامک ٹچ اور مذہب کارڈ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا،ایاک نعبدو سے تقریر کا آغاز کرکے یہ تاثر دیتا ہے کہ وہ بہت پاکباز اور پرہیز گار ہے،سیاسی مخالفین کے خلاف بیانیہ بنانے کیلئے مذہبی حوالے دیتاہے اور کہتا ہے کہ اس کی یہ جنگ کربلا کے معرکے جیسی ہے،اس لئے یہ کیوں نہ دیکھا جائے کہ وہ خود شرعی حدود پر کتنا کاربند ہے؟

۔بلال غوری بتاتے ہیں کہ خاور مانیکا اور بشریٰ بی بی کی 14نومبر 2017ء کو طلاق ہوئی۔یکم جنوری 2018ء کو عدت میں نکاح کرلیا گیا۔جب خبر شائع ہوئی تو تردید کردی گئی اور کہا گیا کہ ابھی تو صرف نکاح کا پیغام بھیجا ہے۔ویسے تکلف برطرف،عدت میں تو نکاح کا پیغام بھی نہیں بھیجا جاسکتا۔بہر حال فروری 2018ء میں دوبارہ نکاح ہوا۔ اعلان کردیا گیا ،مبارکبادیں وصول کرلی گئیں ۔جب عدالت میں مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر دفعہ 342کے تحت بیان ریکارڈ ہوا تو ملزموں نے دوسرے نکاح کی تردید کی اور کہا کہ یکم جنوری کو نکاح ہوا تھا فروری میں دعائیہ تقریب ہوئی تھی ،نکاح نہیں ہوا۔ حالانکہ دونوں مواقع پر نہ صرف گواہ مشترک تھے بلکہ نکاح خواں بھی ایک ہی تھا اور یہ سب لوگ گواہی دے چکے ہیں۔اب صورتحال یہ ہے کہ پہلا نکاح عدالت باطل اور فاسد قرار دے چکی ہے ،دوسرے کی یہ لوگ تردید کرچکے ہیں گویا اب عمران خان اور بشریٰ بی بی میاں بیوی نہیں رہے۔ البتہ جو لوگ حلالے کی بات کررہے ہیں وہ زیادتی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ اڈیالہ جیل میں مولوی کو بلا کر عمران اور بشریٰ کا دوبارہ نکاح کروایا جاسکتا ہے لیکن جہاں تک سیاسی عقد کی بات ہے تو وہ اب پانچ سالہ عدت کی مدت پوری ہونے اور حلالہ مکمل ہوجانے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے نیز فریق ثانی کا راضی ہونا بھی ضروری ہے۔

Back to top button