پانڈابانڈکااجراپاک چین تعلقات میں نئےدورکاآغازہے،وزیرخزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک  کو دیے گئے انٹرویو میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا کامیاب اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ چینی مالیاتی اداروں اور عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معاشی سمت، اصلاحاتی ایجنڈے اور میکرو اکنامک استحکام پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ  پاکستان کو پہلی مرتبہ چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوئی ہے جو دنیا کی دوسری بڑی اور گہری کیپیٹل مارکیٹ سمجھی جاتی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پانڈا بانڈ صرف پاکستان کی مالیاتی حکمتِ عملی کے لیے اہم نہیں بلکہ اس سے چینی کرنسی آر ایم بی کے بین الاقوامی استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تقریباً ایک چوتھائی تجارت پہلے ہی آر ایم بی اور چینی یوآن میں ہو رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے مالیاتی اور اقتصادی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر توجہ دی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں کاروباری تعاون، صنعتی شراکت داری اور انفراسٹرکچر سے معاشی فوائد حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

Back to top button