مریم نواز وفد کے ہمراہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئیں

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز وفد کے ہمراہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئیں، باکو ایئر پورٹ پر ڈپٹی منسٹر ڈیفنس انڈسٹری نے مریم نواز کا استقبال کیا۔

مریم نواز 17 مئی کو آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کریں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب باکو ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی اور  باکو اولمپک سٹیڈیم میں ورلڈ لیڈرز سمٹ سےخطاب بھی کریں گی۔

گزشتہ روز اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان شاء اللّٰہ  تین روزہ سرکاری دورے پر عالمی شہری فورم میں شرکت کے لیے باکو روانہ ہو رہی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہوگی کہ پاکستان پویلین میں پنجاب کے پائیدار اور کم لاگت ہاؤسنگ منصوبے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ کو عالمی شہری فورم میں پیش کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمداللّٰہ، زیر تعمیر ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں میں سے ایک لاکھ گھر مکمل ہوچکے ہیں اور ایک سال سے بھی کم عرصے میں خاندان اپنے نئے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان پویلین میں پنجاب کے عوام دوست اور جامع شہری ترقیاتی ماڈل، کم لاگت رہائش اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے پائیدار کمیونٹیز کا کیس اسٹڈی پیش کیا جائے گا۔

Back to top button