عمران خان وزارت عظمیٰ جیسے بڑے عہدے کے اہلیت نہیں رکھتے

پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما مصطفٰی کمال کا کہنا ہے کہ حل تو دور کی بات حکومت میں مسائل سمجھنے کی اہلیت ہی نہيں، موجودہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو صحیح کرنے کا حل بھینسیں بیچنے سے نکالا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حکومت کا مسئلہ نااہلی ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے عوام کی خاموشی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حکومت میں جتنا غرور ہے، اس نے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، ان کے پاس مسئلے کو سمجھنے کی صلاحیت ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک وزیر اسلام آباد سے کراچی کا کچرا صاف کرنے آئے،لیکن کچھ نہیں کیا، وہ سمجھے تھے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کچرا صاف ہوجائے گا۔چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اتنی بڑی پوسٹ کے اہل ہی نہیں جب کہ ان کے وزرا سونے پر سہاگہ ہیں، حکمرانوں نے ملکی معیشت کو صحیح کرنے کا حل بھینسیں بیچنے سے نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم کہتے ہیں کیا میں جنگ کرلوں تو میں کہتا ہوں پھرکس کا انتظار ہے، ملک کا وزیراعظم ہی اگریہ بولے کہ کیا میں جنگ کرلوں تو دشمن کا دل تو بڑا ہو جائے گا، اگر جنگ مسلط کر دی گئی ہے تو کرنی چاہیے، اسلحے پراتنی انوسمنٹ ہم نے کس لیے کی ہے’؟مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ کے کامیاب جلسے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد پی ایس پی میں شامل ہو رہی ہے، پاک سرزمین پارٹی آج ملک بھر میں تیزی سے بڑھتی ہوئی پارٹی ہے، آج ہمارے پاس کونسلر نہیں لیکن لوگ وزیراعظم کی پارٹی چھوڑ کر ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں۔
