واشنگٹن کی پاکستان میں بڑھتی دلچسپی کی اصل وجوہات کیا ہیں؟

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں تک زیادہ تر سکیورٹی، افغانستان اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے گرد گھومتے رہے، مگر ایران امریکہ جنگ اور امن معاہدے کے بعدحالیہ مہینوں میں سامنے آنے والی سفارتی سرگرمیوں اور بیانات نے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئی سمت اختیار کر رہے ہیں، جہاں اقتصادی تعاون، معدنی وسائل، توانائی اور علاقائی استحکام کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔
یہی وجہ سے کہ حالیہ دنوں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ امریکہ جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کے لیے درکار کریٹیکل منرلز کے حصول میں چین پر انحصار کم کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر نایاب معدنیات کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پاکستان میں تانبے، سونے، اینٹی منی اور دیگر اہم معدنی ذخائر موجود ہیں، جنہیں عالمی سرمایہ کار مستقبل کے لیے انتہائی اہم سمجھتے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکی دلچسپی کو پاکستان کے لیے ایک ممکنہ معاشی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ عرصے میں ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی رابطوں میں پاکستان کے کردار اور خطے میں اس کی سفارتی سرگرمیوں نے بھی واشنگٹن میں پاکستان کی اہمیت بڑھائی ہے۔ اسی دوران امریکی قیادت کی جانب سے پاکستان کے بارے میں نسبتاً مثبت بیانات سامنے آئے، جنہیں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں تبدیلی کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ امریکہ اب اپنی عالمی سپلائی چینز کو متنوع بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت ایسے ممالک کو اہمیت دی جا رہی ہے جہاں معدنی وسائل، توانائی کے ذخائر اور جغرافیائی اہمیت موجود ہو۔ماضی میں پاک امریکہ تعلقات زیادہ تر افغانستان اور انسداد دہشت گردی تک محدود رہے، تاہم اب معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی اور معدنیات جیسے شعبے نئی ترجیحات بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔
بعض مبصرین کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعتماد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ داعش خراسان سے وابستہ ایک مطلوب ملزم کی گرفتاری میں پاکستان کے تعاون اور بعد ازاں جنوبی ایشیا میں کشیدگی کے دوران سفارتی رابطوں نے بھی تعلقات کو نئی سمت دینے میں کردار ادا کیا۔
دوسری جانب ماہرین اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اب صرف ایک طاقت تک محدود نہیں بلکہ چین، خلیجی ممالک، امریکہ اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ متوازن تعلقات استوار کرنے کی کوششوں پر مبنی ہے۔ اسی لیے امریکہ بھی پاکستان کو صرف سکیورٹی پارٹنر کے بجائے ایک اہم علاقائی اور معاشی شراکت دار کے طور پر دیکھنے لگا ہے۔تاہم خارجہ امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلقات کی حقیقی سمت کا تعین آنے والے مہینوں میں ہونے والے عملی اقدامات سے ہوگا۔ اگر معدنیات، توانائی، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں میں ٹھوس معاہدے سامنے آتے ہیں تو دونوں ممالک کے تعلقات واقعی ایک نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل ہو سکتے ہیں۔ بصورت دیگر یہ پیش رفت سفارتی بیانات تک بھی محدود رہ سکتی ہے۔
مبصرین کے مطابق پاکستان کے لیے اس وقت سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ اپنے معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ قومی فائدہ حاصل کرے، شفاف سرمایہ کاری کو یقینی بنائے اور عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں قومی مفادات کو اولین ترجیح دے۔
