عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کا تھریٹ الرٹ جاری

سی ٹی ڈی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قتل سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے، سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے تھریٹ الرٹ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد، سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنما ان خدشات کا اظہار کرچکے ہیں کہ سابق وزیراعظم کو قتل کرنے کے لیے ایک ٹارگٹ کلر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
تھریٹ الرٹ کے متن کا اشتراک مختلف فورمز پر کیا گیا ہے جس کے مطابق افغانستان کے ایک قاتل کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ عمران خان کو ٹارگٹ کرے جب کہ قاتل نے یہ ذمہ داری دوسروں کے سپرد کی تھی، تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ تھریٹ الرٹ کے تناظر میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
خیبر پختونخوا کے ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی ہے کہ سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ 18 جون کو جاری کیا تھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسے خفیہ رکھا جائے اور سوشل میڈیا پر اسے لیک نہ کیا جائے۔پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے ٹوئٹ کی تھی کہ رپورٹس ہیں کہ ایک دہشتگرد کو عمران خان کو ٹارگٹ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے جب کہ پی ٹی آئی کے ایک ورکر نے ایسی ہی بات کی کہ قاتل نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں ایک گھر بھی حاصل کرلیا ہے۔
ماضی میں بھی متعدد سیاسی رہنماؤں سے متعلق تھریٹ الرٹس جاری کیے گئے تھے جس میں متعلقہ اداروں سے سخت سکیورٹی فراہم کرنے کا کہا گیا تھا۔
