عمران خان نے وزیراعظم ہائوس کوبلیک میلنگ اڈا بنا دیا

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نوازنے کہا ہے کہ عمران نیازی کہتا تھا وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا، مگر اس نے وزیراعظم ہاؤس کو بلیک میلنگ کا اڈا بنادیا، ایک خاتون عمران خان کے پاس انصاف کیلئےگئی، عمران خان نےخاتون کی ویڈیو اپنے پاس رکھ لی، طیبہ گل کو بلیک میل کیا گیا، طیبہ گل کی ویڈیو کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمات ختم ہونا شروع ہو گئے۔

پی پی 140 میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نےکہا عوام جانتےہیں کہ مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہوئی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل سمیت دیگر قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف عوام کو آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم مصنوعات پر بہت بڑا ریلیف دینگےاور 17 جولائی کے بعد پنجاب کی عوام کو مفت بجلی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں کی عوام کودونوں ہاتھوں سے سلام کرتی ہوں، جتنی محبت آپ لوگوں نے ن لیگ کو اس گرمی کے باوجود دی ہے میرا بس نہیں چل رہا میں عوام میں آ جاؤں۔ یہاں جذبے دیکھ کر لگتا ہے کہ 17 جولائی کو شیر واپس آ رہا ہے،عوام کا جم غفیر گراؤنڈ کے باہر موجود ہے، میاں خالد محمود کو مبارکباد دیتی ہوں ، اس حلقے سے آپ الیکشن جیت چکے ہیں،سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان شیخوپورہ میں چھوٹا سا جلسہ کر کے گیا فتنہ خان کو بتانا چاہتی ہوں یہ شہر مسلم لیگ ن کا ہے۔،عمران خان بتا نہیں سکتا گزشتہ چار سال میں کوئی کام نہیں کیا، یہ ہمارے نام بدل کر پکارتا ہے، یہ ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔

مریم نوازنے کہا کہ ہم نے اڑھائی ماہ میں بہت کام کیے، لیکن عمران خان نے چار سال میں ایک کام نہیں کیا، مہنگائی ضرور ہے، اپنی کمپین شروع کرنے لگی تو لوگوں نے کہا عمران خان کی وجہ سے ہمیں مہنگائی کرنی پڑی، آئی ایم ایف کے معاہدے کے باعث پٹرول سمیت مہنگائی بڑھی لیکن اسکے باجود ن لیگ کیلئے عوام کی شفقت میں کوئی کمی نہیں آئی پنجاب کے عوام آج بھی شیر کے ساتھ کھڑا ہے، عوام جانتی ہے مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پی ٹی آئی نے کیا تھا،مشکل جتنی بھی بڑی ہوں، نواز شریف، شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن بحرانوں سے نکالے گی اور ہم عوام کی امید کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پنجاب کی عوام کو سو مفت یونٹ کا تحفہ دیااور17 جولائی کے بعد پنجاب کےعوام کو مفت بجلی دیں گے ، خیبرپختونخوا کی عوام کو مفت بجلی دینے کے بجائے یہ عدالت چلا گیا، عوام کو ریلیف مل رہا ہے اس کے خلاف یہ عدالت چلا گیا ہے، عمران خان پنجاب کی دشمنی بہت حد تک آگے نکل گیا ہے اور اس نے ظلم کروا کر ختم کروا دیا، عوام اسے معاف نہیں کرے گی، 17 جولائی تک نہ صحیح 17 جولائی کے بعد پنجاب کے عوام کی بجلی مفت کریں گے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل سمیت دیگر قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں، شہباز شریف عوام آنے والے چند مہینوں میں پٹرولیم قیمتوں پر بہت بڑا ریلیف دینگے۔فتنہ خان شہباز شریف آپ کے چودہ طبق روشن کرے گا۔ 75 سال بعد یہ پہلا وزیراعظم ہے جس کے اپنے لوگوں نے اسے مار مار کر عہدے سے فارغ کروایا ہے۔

مریم نواز کہنا تھا میاں خالد محمود کو ووٹ دینا، یہ شیر کا امیدوار ہے، اس نے پنجاب کا مینڈیٹ آپ کو واپس دلوایا اور اپنی سیٹ کی پرواہ نہیں کی۔ فتنہ خان کو پتہ ہے کہ اگلے سال تک ہماری حکومت رہی تو مہنگائی کم ہو جائے گی، معیشت ٹھیک ہو جائے گی، حالات ٹھیک ہو جائینگے، ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، مسلم لیگ ن کو اپنی عوام کو تکلیفوں سے نکلوائے گی۔ انشاء اللہ مسلم لیگ ن چند مہینوں میں عوام کو بحرانوں سے نکالے گی۔

Back to top button