غنا علی ماں بن گئیں، جڑواں بچوں کی اطلاع غلط نکلی


ایک شادی شدہ شخص سے شادی کرنے والی پاکستانی ماڈل اور اداکارہ غنا علی بالآخر ماں بن گئی ہیں لیکن ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی پیشین گوئی کرنے والے غلط ثابت ہو گئے ہیں۔ اس سے پہلے سوشل میڈیا پر یہ دعوے کیے جارہے تھے کہ غنا علی کے ہاں دو جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے۔ لیکن غنا صرف ایک بچی کی ماں بنی ہیں۔ اپنے پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی نوزائیدہ بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔
یاد رہے کہ غنا علی نے کراچی کے ایک کاروباری شخص عمیر گلزار سے شادی کی تھی اور بعد میں تسلیم کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کے بچے بھی ہیں۔ تاہم انھوں نے اس الزام کی تردید کی تھی کہ ایک شادی شدہ شخص سے شادی رچانے کا بنیادی مقصد اس کی دولت کا حصول ہے۔
غنا علی نے 23 نومبر کی شب کو انسٹاگرام پر نوزائیدہ بیٹی اور شوہر عمیر گلزار کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنائی۔ اداکارہ نے بیٹی کی پیدائش پر جذباتی پیغام لکھا کہ بچے کی پیدائش کے وقت نہ صرف بچے کا جنم ہوتا ہے بلکہ اس وقت ایک ماں بھی جنم لیتی ہیں۔ غنا نے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا نام فائجہ عمیر رکھا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے بیٹی کو اپنے لیے خدا کی جانب سے سب سے اچھا اور خوبصورت تحفہ قرار دیا۔ تاہم کئی سوشل میڈیا صارفین یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا بچی کا نام فائزہ ہے یا فائجہ کیونکہ انہوں نے فائزہ نام تو سنا ہے لیکن فائجہ نہیں۔
اداکارہ نے مداحوں سے بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی یے۔ لیکن غنا علی نے پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش کب ہوئی اور نہ ہی انہون نے بتایا کہ وہ تاحال ہسپتال میں ہیں یا نہیں؟ اداکارہ کی جانب سے بیٹی کی پیدائش سے متعلق کی گئی پوسٹ پر کئی شوبز شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی ان کی اور بچی کی صحت یابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔ یاد رہے کہ غنا علی کے ہاں بیٹی کی پیدائش سے قبل گزشتہ ہفتے ان کے ہاں جڑواں بچوں کی افواہیں پھیلی تھیں، جن پر انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ایسی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔
شادی کے بعد ان پر الزامات لگائے گئے تھے کہ انہوں نے دولت کی خاطر پہلے سے ہی شادی شدہ اور ایک بچے کے باپ سے شادی کی ہے، جس پر انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ ان کے شوہر پہلے سےہی شادی شدہ تھے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی پہلی شادی ختم ہو چکی ہے یا نہیں؟ اسی طرح انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے شوہر اتنے زیادہ دولت مند نہیں ہیں جتنا کہ سمجھا جا رہا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے نے اپنے شوہر کو ان کی شخصیت کی وجہ سے پسند کیا ہے، ان کی دولت کی وجہ سے نہیں۔

Back to top button