میں بھی عمران خان کی تقلید میں تین شادیاں کروں گا


اپنی متنازعہ حرکات اور بیانات کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہنے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے وزیراعظم عمران خان کی تقلید میں تین شادیاں کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انکا کہنا ہے جیسا ملک کا کپتان ہوگا، اسکے کھلاڑیوں کو بھی ویسا ہی ہونا چاہئے لہذا میں اپنے کپتان کی تقلید میں تین شادیاں کر کے چھوڑوں گا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں عامر لیاقت نے کہا کہ میری وزیراعظم عمران خان سے قربتیں بڑھ چکی ہیں۔ پارٹی سے استعفے کی وجہ یہ تھی کہ مجھے موقع نہیں دیا جا رہا تھا۔ اس لئے میں نے سوچا کہ پھر میرا پارٹی میں رہنے کا کیا فائدہ لہذا میں نے استعفیٰ دیدیا۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے حالیہ اجلاس میں ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ان کے معاملات کافی بہتر ہو چکے ہیں اور وہ ان سے مسلسل ان سے رابطے میں ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انکا تحریک انصاف جوائن کرنے کا فیصلہ درست تھا تو انہوں نے کہا کہ میں آخری وقت تک عمران خان کے ساتھ رہوں گا، اور تحریک انصاف ہی میری آخری جماعت رہے گی۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ اس ملک کا مستقبل تحریک انصاف سے ہی ہے وابستہ ہے اور آئندہ حکومت بھی ہم ہی بنائیں گے کیونکہ اپوزیشن بکھری ہوئی، ٹوٹی ہوئی، لولی، لنگڑی اور عجیب سی ہے اور اس میں اتنا دم نہیں کہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کو شکست دے پائے۔
عامر لیاقت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کے کانا راجہ ہیں اور اس کے باقی تمام لیڈرز اندھے ہیں۔عامر نے کہا کہ انہیں زندگی میں کوئی بھی پریشانی ہو لیکن وہ اُمید کیساتھ جڑے رہتے ہیں، انکا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان میں بھی ایک اُمید کی کرن نظر آتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد یا بدیر اس ملک کیلئے ضرور کویہ بڑا کام کریں گے۔ اپنی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں شادی کیلئے جب لڑکی کا انتخاب کرتا ہوں تو سب سے پہلے اس کی عمر دیکھتا ہوں، میری موجودہ اہلیہ طوبیٰ محض 24 سال کی ہیں۔ لیکن جب میں تیسری بیوی لائوں گا تو وہ کم از کم 20 یا 21 سال کی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کپتان عمران خان کا فالور ہوں اور ان کی تقلید کرتے ہوئے تین شادیاں کرکے چھوڑوں گا۔

Back to top button