فحش حرکات کا الزام،لاہور ڈویژن کے تمام تھیٹرز سیل

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ بار بار کی وارننگز کے باوجود سٹیج ڈراموں میں بیہودہ ڈانسز اور فحش حرکات سے باز نہ آنے پر حکومت پنجاب نے کریک ڈاؤن کا اغاز کرتے ہوئے لاہور ڈویژن کے تمام تھیٹرز کو سیل کر دیا ہے۔ ثقافت کے نام پر فحاشی اور عریانی کو فروغ دینے والے تھیٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ مجبور ہو کر کیا گیا تاکہ تھیٹر مالکان اور ڈرامہ پروڈیوسرز کو اس معاملے میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہو سکے۔ عامر میر نے کہا کہ پنجاب بھر میں تمام تھیٹرز اور سٹیج ڈراموں کو مانیٹر کرنے کی ذمہ داری پنجاب آرٹس کونسل کو سونپ دی گئی ہے اور جہاں کہیں بھی بے ہودگی، فحاشی اور عریانی کا عنصر نظر آئے گا اس تھیٹر کو سیل کر دیا جائے گا، پروڈیوسر کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا اور ڈانسرز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر قیادت ایک خصوصی ٹیم نے رات گئے تماثیل تھیٹر لاہور میں فحش مجرے کی شکایت پر چھاپہ مارا اور ڈرامہ روک کر تھیٹر کو سیل کر دیا۔ شیخوپورہ اور قصور میں بھی فحش مجروں کی شکایات کے بعد تھیٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Back to top button