فلمساز شرمین عبید چنائے تنقید کی زد میں کیوں آ گئیں؟

معروف فلسماز شرمین عبید چنائی دنیا بھر کے مردوں کو تکلیف پہنچانے کے بیان پر تنقید کی زد میں آ گئیں، فلمساز کا اس حوالے سے ویڈیو کلپ وائرل ہونے پر لکھاری، تنقید نگار، مختلف صارفین فلمساز کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔امریکی لکھاری، فلمی مبصر میٹ والش نے شرمین عبید چنائے کی ایک پروگرام کی کلپ شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ ’’سٹار وارز‘‘ فلم کی فیمنسٹ ہدایت کارہ کہہ رہی ہیں کہ وہ فلم کے ذریعے مردوں کو تکلیف پہنچانے کی خواہش رکھتی ہیں، اگر ایسا کیا گیا تو ’اسٹار وارز‘ ڈزنی پروڈکشن ہائوس کی تاریخ کی سب سے ناکام فلم ثابت ہوگی۔انہوں نے شرمین عبید چنائے کی جس ویڈیو کلپ کو شیئر کیا، اس میں انہوں نے ’اسٹار وارز‘ سے متعلق کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ فلم کو اس طرح بنائے کہ اسے دیکھنے والے مردوں کو تکلیف یا احساس ہو، انھوں نے کہا کہ وہ اسٹار وارز کے ذریعے دنیا کے مردوں کو تکلیف دینا چاہتی ہیں، وہ چاہتی ہیں کہ وہ فلم کو اس طرح بنائیں کہ مرد اسے دیکھنے کے بعد تکلیف محسوس کریں اور انہیں احساس ہوکہ خواتین بھی ان کے برابر کی انسان ہیں۔انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں فلم کے ذریعے مردوں کو ناخوش کرنے یا انہیں تکلیف پہنچانے پر خوشی ہوگی، ساتھ ہی انہوں نے مرد میزبان کو کہا کہ وہ ان کے حوالے سے بات نہیں کر رہیں، جس پر مرد میزبان نے انہیں جواب دیا کہ کوئی بات نہیں۔کلپ کے بعد لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان پر تنقید کی اور لکھا کہ وہ خود ایسے ملک یا پس منظر سے آئی ہیں جہاں غیرت کے نام پر قتل کرنا روایت ہے اور وہ اسٹار وارز کے ذریعے مردوں کو شرمندہ کرنا چاہتی ہیں۔بعض صارفین نے کمنٹس کیے کہ اگر ایسا کیا گیا تو اسٹار وارز کی اگلی فلم ناکام ترین ثابت ہوگی اور ساتھ ہی کچھ صارفین نے ڈزنی پروڈکشن ہائوس اور اس کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، خیال رہے کہ شرمین عبید چنائے اسٹار وارز کی آنے والی فلم کی ہدایات دیں گی، وہ سیریز کی پہلی خاتون ہدایت کارہ بھی ہیں۔

Back to top button