فواد چوہدری بدزبان چوہان کو جواب لفظوں میں دیں گے یا تھپڑوں میں؟

کل تک تحریک انصاف اور عمران خان کا دفاع کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو بری طرح لتاڑنے والے فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان اب عثمان بزدار کے معاملے پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے ہیں اور ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری شروع کر دی ہے۔ اب سسپنس یہ ہے کہ فواد چوہدری بد زبان چوہان کو جواب کب دیتے ہیں اور کیسے دیتے ہیں۔ یعنی وہ زبانی کلامی جواب دیں گے یا تھپڑوں کی زبان میں جو کہ انکا طرہ امتیاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو نااہل قرار دینے پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہی جماعت کے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو نشانے پر رکھ لیا۔ کہتے ہیں پتہ نہیں فواد چوہدری کو بزدار سے کیا مسئلہ ہے، یہ شخص کبھی نہیں سدھر سکتا۔ فواد چوہدری ہمیشہ اپنے قول و فعل میں افراط و تفریط کا شکار رہتا ہے۔ اگر فواد چوہدری اپوزیشن رکن ہوتے تو ایسا منہ توڑ جواب دیتا کہ دوبارہ بات کرنے کے قابل نہ رہتے۔۔
اس سے پہلے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو چارج شیٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نااہل پنجاب حکومت کی ناکامی کی وجہ سے تحریک انصاف کی مرکزی حکومت کا امیج بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ تک کہہ دیا کہ اگر وزیراعظم کسی وجہ سے عثمان بزدار کو خود نہیں ہٹاتے تو بزدار صاحب کو ہی خیال کرنا چاہیے اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئےچپ چاپ گھر کا راستہ لینا چاہیے۔
فواد چوہدری کے اس کھلے حملے کے بعد فیاض الحسن چوہان نے ایک ٹی وی ٹاک شو کے دوران کہا کہ فواد چوہدری کبھی نہیں سدھر سکتے، ان کا ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے کہ وہ اپنے قول و فعل میں تضاد کا شکار رہتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ میرا اور فواد چوہدری کا تعلق ایک ہی جماعت سے ہے، وہ مرکزی کابینہ میں تحریک انصاف کی نمائندگی کرتے ہیں اور میں پنجاب کابینہ کا حصہ ہوں۔ اگر میں چاہوں تو جس طرح اپوزیشن اراکین کو اپنے روایتی انداز میں لفظی گولہ باری سے تباہ کرتا ہوں، فواد چوہدری کو بھی اسی طرح ڈیل کر سکتا ہوں مگر مجبوری یہ ہے کہ ہم ایک ہی جماعت سے ہیں۔ بقول فیاض الحسن چوہان سوال یہ ہے کہ فواد چوہدری کو دراصل عثمان بزدار سے آخر مسئلہ ہے کیا؟
فیاض الحسن چوہان نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک ذمہ دار شخص ہیں۔ آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ ہر بات کی ایک حد ہوتی ہے، کسی کو بھی یہ حد پار نہیں کرنی چاہیے، آپ وفاقی کابینہ کے معزز رکن ہیں اس لیے آپ کو حفظ مراتب کا خیال رکھنا چاہیے۔ الفاظ کے چناؤ اور ان کے استعمال کا موقع محل سے مناسب استعمال کیا کریں۔
فیاض الحسن چوہان کی گفتگو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو چکا ہے اور اب انتظار کیا جارہا ہے کہ اس کے جواب میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کیا ارشاد فرمائیں گے کیونکہ سبھی جانتے ہیں کہ اگر فیاض الحسن چوہان سیر ہے تو فواد چوہدری سواسیر ہیں بلکہ ہتھ چھوٹ بھی ہیں، ہم سب جانتے ہیں کہ دو بد زبان ٹی وی اینکرز بد زبانی کے جرم میں ان کے زور دار تھپڑوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ فواد چوہدری فیاض الحسن چوہان کی بدزبانی کا جواب زبانی کلامی دیں گے یا تھپڑوں سے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button