قرضہ ایپس صارفین کی زندگیوں سے کیسے کھیل رہی ہیں؟

موبائل ایپس سے قرض لینا تو بظاہر آسان معلوم ہوتا ہے لیکن جو ان کے قرض کے جال میں پھنس جائے پھر خلاصی موت کی شکل میں ہی ہوتی ہے، جی ہاں! موبائل ایپس سے قرض لینے والے راولپنڈی کے رہائشی محمد مسعود نے گلے میں پھندا ڈال کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
شہری کی خود کشی کے بعد ان کمپنیوں کا کردار سوشل میڈیا پر زیربحث ہے کہ یہ کمپنیاں شہریوں کے لیے سہولت ہیں یا پھر زحمت ہیں؟ ان کمپینوں کو کون کیسے ریگولیٹ کرتا ہے؟ مسعود احمد کے آخری آڈیو پیغام جو انہوں نے اپنی اہلیہ کو بھیجا، اس میں ان کمپنیوں کی جانب سے ڈالے گئے دباؤ کی جھلک واضح نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ میں آپ کے قابل ہوں نہ بچوں کے۔ کوئی اور آپشن نہیں مجھے معاف کر دینا، بہت سارے لوگوں کے پیسے دینے ہیں، سود کے۔ انہوں نے میرا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ موت کے بعد میرا موبائل ایک ماہ تک بند رکھنا، بعد میں سمیں نکال کر بیٹے کو دے دینا۔
یہ کمپنیاں آن لائن صارفین سے ان کے کوائف حاصل کرتی ہیں۔ ان کوائف میں شناختی کارڈ، موبائل نمبر، قریبی رشتہ داروں کے شناختی کارڈ اور موبائل نمبرز حاصل کرتی ہیں اور 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک قرضے دیتی ہیں۔
پاکستان میں کوئی بھی ایسا کاروبار جس کے ذریعے مالی خدمات (فنانشل سروسز) فراہم کی جائیں ان کا سیکیورٹی ایکسچین کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، جب یہ کپمنیاں اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کر دیتی ہیں تو سٹیٹ بینک آف پاکستان بھی ان کو ریگولیٹ کرتا ہے۔
دوسری جانب ایس ای سی پی کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ راولپنڈی واقعے کے بعد حقائق کا جائزہ لینے کے لیے ہماری ٹیم نے خودکشی کرنے والے شخص کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کیا جس کے مطابق اس نے دو رجسٹرڈ کمپنیوں سے پہلے بھی قرض لیا تھا اور وہ ان کے کبھی ڈیفالٹر نہیں ہوئے اور بروقت رقم واپس ادا کر چکے تھے۔
ان کے مطابق ’شاید اس بار انھوں نے کسی غیر قانونی اور نان رجسٹرڈ کمپنی سے قرضہ لیا جس کے نمائندوں نے ان کو حراساں کیا اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی۔بلیک میلنگ کا کام غیررجسڑڈ کمپنیاں کرتی ہیں کیونکہ رجسٹرڈ کمپنیوں کی جانب سے کسی کا ڈیٹا غلط استعمال کرنے کا معاملہ فرانزک آڈٹ میں سامنے آ سکتا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سیما کامل نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’ان ایپس کو روکنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ روایتی بینک پسے ہوئے اور عام افراد کو بھی کم مالیت کے قرضے فراہم کرنا شروع کر دیں۔ اس سے دو فائدے ہوں گے ایک تو اس طرح کی کمپنیوں جو بے تحاشا شرح منافع کے ذریعے پیسے بناتی ہیں اور غریب طبقے کو لوٹتی ہیں سے جان چھوٹ جائے گی اور دوسری جانب غریب طبقے کا ملک کے بینکاری نظام پر اعتماد بڑھے گا۔
ترجمان کے مطابق ’ایس ای سی پی کے پاس کل 11 آن لائن قرضہ ایپس رجسٹرڈ ہیں جن کا فرانزک آڈٹ ہوتا ہے، گزشتہ کچھ عرصے میں 52 ایپس کو ایف آئی کی مدد سے بلاک بھی کروایا ہے، ہم نے گوگل سے بھی رابطہ کیا اور گوگل اس بات سے اتفاق کر چکا ہے کہ مستقبل میں گوگل پلے سٹور پر صرف ان ایپس کو جگہ ملے گی جو ایس ای سی پی سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ان آن لائن ایپس کے ذریعے 112 ارب روپے کے قرضے دیے گئے۔ تقریباً 52 لاکھ صارفین اس سے مستفید ہوئے جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہے، اب ان ایپس نے اقساط پر اشیاء کی فراہمی بھی شروع کر دی ہے، دنیا بھر میں مائیکرو فنانسنگ فروغ پا رہی ہے، اس لیے ان کو بند کرنا حل نہیں ہے تاہم غیرقانونی ایپس کے خاتمے کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی یقیناً بہتری لا سکتی ہے۔
