ہیما مالنی نے شوہر دھرمیندرا کیساتھ نہ رہنے کی وجہ بتا دی

بالی ووڈ ڈریم گرل ہیما مالنی نے لیجنڈری شوہر دھرمیندرا کے ساتھ شادی کے باوجود ساتھ نہ رہنے پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی غیر روایتی شادی سے مطمئن ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کے والدین نے ابتدائی طور پر دھرمیندرا سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا کیونکہ وہ پہلے سے ہی شادی شدہ تھے اور پرکاش کور سے ان کے بچے بھی تھے۔
اب شادی کے 43 سال بعد بھی ہیما مالنی کو اس بات سے کوئی شکایت نہیں کہ دھرمیندرا نے پرکاش کو طلاق دیئے بغیر ان سے شادی کی، دھرمیندرا اب اپنی پہلی اہلیہ پرکاش اور ان کے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک حالیہ انٹرویو میں جب اداکارہ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کوئی بھی ایسا نہیں بننا چاہتا لیکن جو ہو رہا ہوتا ہے، انسان کو اسے قبول کرنا پڑتا ہے، ہر عورت چاہتی ہے کہ اس کا شوہر ہو، بچے ہوں، ایک نارمل فیملی کی طرح لیکن کبھی کبھار کچھ لوگوں کے ساتھ ان کی سوچ سے کچھ مختلف ہو جاتا ہے۔
ہیما مالنی نے اپنی بات کو جاری رکھا اور کہا کہ مجھے اس حوالے سے برا نہیں لگتا، میں خود سے مطمئن اور خوش ہوں، میرے دو بچے ہیں جن کی پرورش میں نے بہت اچھے سے کی ہے، بے شک وہ (دھرمیندرا) میرے ساتھ تھے، ہر موقع پر، وہ ہی زیادہ پریشان ہوا کرتے تھے کہ بچوں کی شادی جلدی ہونی چاہئے، میں کہتی تھی وقت پر ہو جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہت کم لوگ اس بات سے آگاہ ہیں کہ ہیما کی والدہ جیا چکراورتھی چاہتی تھیں کہ اداکارہ کی شادی بھارتی اداکار جتندرا سے ہو، اس بات کا تذکرہ ہیما مالنی کی سوانح حیات میں بھی کیا گیا ہے۔

Back to top button