قومی اسمبلی میں صحافیوں کے تحفظ کا بل منظور

صحافیوں کے تحفظ کا بل قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اکثریت رائے سے منظورکرلیا گیا ہے۔

پینل آف چیئر امجد علی خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔

قومی اسمبلی کی جانب سے نیب ترمیمی بل، قومی کمیشن برائے حقوق اطفال، صحافیوں کی جبری گمشدگی کو جرم قرار دینے ، نظام انصاف برائے کمسن اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ اور خواتین کو کام کرنے کی جگہوں پر ہراساں کیے جانے کے خلاف بلز کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔

دارالحکومت میں رفاعی اداروں کی رجسٹریشن کا بل اور تدارک ذخیرہ اندوزی بل 2021 مشترکہ اجلاس کو منظوری کیلئے بھیج دیئے گئے ، دونوں بلز قومی اسمبلی سے منظور کیے گئے ہیں جبکہ سینیٹ سے منظوری ابھی باقی ہے ۔

صحافیوں کے تحفظ کے بل کے حوالے سے نوید قمر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس بل کی حمایت کرتی ہے مگر بل کوکلازبائی کلاز پیش کیا جانا چاہئے ، اچھا کام بھی برے انداز میں کریں تو اسے اچھا نہیں سمجھاجاتا ہے ، ۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بل کی منظوری کے بعد اپوزیشن سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں انسانی حقوق کمیٹی نے بل کوسپورٹ کیا۔

Back to top button