متنازعہ بھارتی فلم”دی کشمیر فائلز” پر سنگاپور میں پابندی لگا دی گئی

متنازعہ بھارتی فلم "دی کشمیر فائلز” جس میں مسلمانوں کے کردار کو مسخ کرکے دکھایا گیا ہے پر سنگاپور میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وویک اگنی ہوتری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دی کشمیر فائلز میں کشمیر وادی کی تاریخ کو غلط اور ہندوپنڈتوں کو مظلوم جبکہ مسلمانوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کیا گیا ہے، تاہم سنگاپور کی متعلقہ انتظامیہ نے اس فلم پر اپنے ملک میں پابندی عائد کردی۔
سنگاپور کی انتظامیہ کے مطابق فلم کی کہانی متنازع اور طے شدہ قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کرتی ہے جس کے سبب ’دی کشمیر فائلز‘ سنگاپور میں نہیں چلائی جاسکتی، فلم میں کشمیر کے حوالے سے یکطرفہ کہانی پیش کی گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی نسل یا مذہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کی فلم کے ذریعے توہین کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ مسلم مخالف فلم ’دی کشمیر فائلز‘ 90 کی دہائی میں کشمیروادی سے ہندو پنڈتوں کے اخراج پر مبنی فلم ہے اور اس فلم کی کہانی کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، یہ فلم محض مسلمانوں کو نیچا دکھانے کے لیے بنائی گئی ہے۔
