محسن عباس اور نازش بالآخر اکٹھے ہونے والے ہیں

گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر گھریلو تنازعات اور سابق اہلیہ فاطمہ سہیل سے طویل قانونی جنگ اور گرفتاری کی اطلاعات کے بعد شوبز انڈسٹری میں دوبارہ سے واپسی کر رہے ہیں اور واپسی اس ہی ماڈل و اداکارہ کے ساتھ ہورہی ہے جس کے ساتھ ان کا اسکینڈل مشہور ہوا تھا اور پھر فاطمہ سہیل سے علیحدگی کا باعث بھی بنا تھا۔
جی ہاں محسن عباس جلد ہی اداکارہ نازش جہانگیر کے ساتھ ایک نئے پروجیکٹ میں جلد نظر آئیں گے۔ خیال رہے کہ سابق اہلیہ کے ساتھ تنازع کی وجہ سے محسن عباس حیدر کے کیریئر کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا اور انہیں دنیا ٹی وی کے پروگرام مذاق رات سے علیحدہ کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد دونوں میاں بیوی میں ایک قانونی جنگ کا آغاز ہوا جس کے دوران فاطمہ سہیل کی کچھ نازیبا ویڈیو بھی مارکیٹ میں آگئیں جن میں وہ ایک اجنبی شخص کے ساتھ حالت غیر میں نظر آئیں۔ تاہم قانونی جنگ کا اختتام دونوں کی طلاق پر ہوا۔
خیال رہے کہ محسن عباس حیدر پر ان کی سابق اہلیہ نے گزشتہ برس جولائی میں جنسی تشدد کرنے اور دھوکا دینے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد اداکار کے کیریئر کو بھی کافی نقصان پہنچا تھا۔ اداکار پر نہ صرف عام لوگوں نے تنقید کی بلکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی ان کے خلاف نظر آئیں لیکن محسن عباس نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے زندگی میں کبھی فاطمہ پر ہاتھ نہیں اٹھایا اور اگر ان کے پاس اس الزام کا کوئی ثبوت موجود ہے تو عدالت میں پیش کریں۔
اب اس واقعے کے ایک برس بعد محسن عباس حیدر نے چھوٹی اسکرین پر واپسی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے انسٹا گرام اسٹوری پر اپنے آنے والے ڈرامے کے سیٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ یہ تصویر ڈرامے کے ہدایت کار سہیل جاوید کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کی گئی تھی جس میں ان کے ساتھ نازش جہانگیر اور محسن عباس حیدر بھی موجود تھے۔
ہدایت کار سہیل جاوید نے بتایا کہ دونوں اداکار جلد ‘گھمنڈی’ نامی ڈرامے میں دکھائی دیں گے جسے عدنان صدیقی نے پروڈیوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ‘فیملی ڈرامہ’ ہے، ہم اس وقت زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتے لیکن ڈرامے کا ٹیزر جلد سامنے آئے گا۔ سہیل جاوید کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں محسن عباس اور نازش جہانگیر مرکزی کردار ادا کررہے ہیں اس لیے ہم سب بہت پُرجوش ہیں۔
اس ڈرامے کے پروڈیوسر عدنان صدیقی کا محسن عباس حیدر کی ڈرامہ انڈسٹری میں واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اُن کے خیال میں محسن عباس کی نجی زندگی سے متعلق سب معاملات کو میڈیا پر نہیں آنا چاہیے تھا۔ یہ ایک بحث ہے جس میں وہ پڑنا نہیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُنہیں لگتا ہے کہ لوگ ایسی گپ شپ سے لطف اندوز ہو تے ہیں اور لوگوں کی پریشانیوں سے محظوظ ہوتے ہیں۔ ایسے معاملات میں کوئی کسی کی مدد نہیں کرنا چاہتا۔ اس حوالے سے عدنان صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کسی شخص کو صرف ذاتی معاملات کی بنا پر موقع نہیں دیتے ہیں جو باصلاحیت ہے اور مواقعوں کے مستحق ہیں تو کیا آپ ایسے لوگوں کو ذہنی مریض نہیں بنا رہے ہیں اُن کے خیال میں محسن عباس حیدر کو ایک موقع اور ملنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ محسن عباس کو آپ نے کافی سزا دے دی ہے، انہوں نے اپنا ہٹ شو کھودیا لیکن ہم کسی کو کمانے سے روکنے والے کون ہوتے ہیں۔ جب ہم کسی کو روزگار فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں کسی کا روزگار چھیننے والا بھی نہیں ہونا چاہیے۔
