پاکستان کے ذریعے امریکا کا جواب مل گیا،ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران کے 14 نکاتی تجاویز کا جواب دے دیا ہے، جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ امریکا کا جواب موصول ہوگیا ہے اور اب اس جواب کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ایرانی 14 نکاتی تجاویز میں جوہری معاملہ شامل نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ تجاویز اضافی تفصیلات فراہم کیے بغیر صرف جنگ کے خاتمے کو مدنظر رکھ کر دی گئی تھیں، جس کا مقصد ایران کے خلاف امریکا-اسرائیل کی جارحیت کا خاتمہ ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ جوہری معاملہ 14 نکاتی تجاویز میں شامل نہیں تھا اور بعض میڈیا کے اداروں کی جانب سے اس حوالے سے جو رپورٹ کیا گیا وہ ان کا تصوراتی بیان ہے۔
تجاویز میں ایران کی 15 سال کے لیے جوہری سرگرمیوں سے دستبرداری اور آبنائے ہرمز میں ممکنہ طور پر امریکا-ایران کے تعاون سے بارودی سرنگیں ہٹانے کے حوالے سے میڈیا کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایسی چیزیں ہیں جس کو میں چند میڈیا اداروں کی خیالی رپورٹ تصور کر رہا ہوں اور منصوبے میں ایسی کوئی چیز شامل نہیں ہے۔
