محمد حفیظ پی سی بی کی جانب سے جلد طلب کیے جانے پر ناخوش

کیربیئن پریمیئر لیگ  کھیلنے میں مصروف قومی آل رائونڈر محمد حفیظ پی سی بی کی جانب سے جلد طلب کیے جانے پر برہم  ہوگئے ، آل رائونڈر نے لاہور پہنچنے کے بعد اپنی گفتگو میں مایوس نظر آئے۔

پاکستان کیلئے 55 ٹیسٹ ،218 ون ڈے اور 113 ٹی ٹونٹی کھیلنے والے محمد حفیظ نے کیریبین لیگ کے 8 میچو ں میں گیانا کے لیے 179 رنز بنانے کیساتھ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

پی سی بی نے حفیظ سمیت کیریبین پریمیئر لیگ میں شرکت کرنیوالے کھلاڑیوں کو 18 ستمبر تک کا اجازت نامہ جاری کیا، بعد ازاں بورڈ نے کھلاڑیوں کو بتایا کہ انہیں 12 ستمبر تک پاکستان پہنچ کر نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کیلئے 16 ستمبر کو رپورٹ کرنی ہے۔

محمد حفیظ نے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنینشل ذاکر خان سے بارہا رابطہ کرکے انہیں قائل کرنیکی کوشش کی کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریزکا پہلا میچ 25 ستمبر کو کھیلا جانا ہے، اس لیے انہیں کریبین لیگ کے اختتام تک ایونٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے،

وہ 18 ستمبر تک لاہور پہنچ کر گھر جانے کی بجائے کیمپ جوائن کر لیں گے لیکن پی سی بی حکام کی جانب سے ان سے کہا گیا کہ وہ ہدایات پر عمل کریں، بورڈ اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کریگا۔

دوسری جانب وسیم خان نے جمیکا کے لیے کھیلنے والے عماد وسیم کو ویسٹ انڈیز میں رکنے کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا۔ اس تمام صورتحال میں سابق کپتان محمد حفیظ خاصے دل برداشتہ ہیں اور ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیف ایگزیکٹو اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کے رویے پر حفیظ کو شدید تحفظات ہیں اور اس حوالے سے لاہور پہنچ کر وہ اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

Back to top button