مری کے ہوٹل میں تین نوجوانوں کی پراسرار ہلاکت

مری کے نجی ہوٹل میں چھٹیاں گزارنے کیلئے آنے والے تین نوجوانوں کی پراسرار ہلاکت پر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق کمرے میں چار نوجوانوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، ہسپتال منتقل کرنے کے دوران تین دم توڑ گئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ محمد اویس، تیس سالہ فیصل ایاز اور 29 سالہ محمد شاہ رخ کے نام سے ہوئی، جبکہ بے ہوش شخص کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی، چاروں سیاحوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
تھانہ پتریاٹہ کے علاقہ میں ہوٹل کے کمرے میں 4 افراد کے بے ہوشی کی حالت میں ملنے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچے۔ چاروں افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک بے ہوش ہے۔
ریسکیو 1122مری کے مطابق چاروں افراد ہوٹل کے کمرے میں نیم بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ مری پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں، سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور دیگر فرانزک شواہد کی روشنی میں وجہ موت کا تعین ہو سکے گا، میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
