ترسیلاتِ زر میں ماہانہ 5، سالانہ 13 فیصد اضافہ، وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے جولائی میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر 5 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزیر اعظم نے نمایاں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی میں بیرونِ ملک پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 3 ارب 63 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جبکہ جون 2026 میں ترسیلاتِ زر کا حجم 3 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے 3 ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی تھیں، یوں ایک سال کے دوران ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جولائی 2026 میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جہاں سے پاکستانیوں نے 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔ سعودی عرب سے آنے والی ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026 میں متحدہ عرب امارات سے 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 31 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان پہنچیں۔اسی طرح اے یو ممالک سے جولائی 2026 میں مجموعی طور پر 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جولائی میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر ترسیلاتِ زر میں 13 فیصد اضافہ نہایت خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیادوں پر بھی 4.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو سمندر پار پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مسلسل شراکت داری کا عکاس ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں تواتر سے مثبت کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
سعودیہ سے طے پانے والے مکہ معاہدے میں خاص کیا ہے؟
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی قومی معاشی دھارے کا بیش قیمت جزو ہیں اور ان کی جانب سے ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
