معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکے میں چھ افراد کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کیا ہے ۔

ایک بیان میں وزیر اعظم نے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید بچوں 4 سالہ انعم، 8 سالہ احسن اور 11 سالہ احمد حسن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انکا کہناتھاکہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں، اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے، اپنے شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے، شجاعت و شہادت ہماری افواج کی تاب ناک روایت ہے جسے ہمارے شہدا نے اسے برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ آج اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پاک فوج کی گاڑی کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 3 جوان اور 3 معصوم بچے شہید ہوگئے تھے۔

Back to top button