ملک ریاض نے وقار ذکا کو بھاری رشوت کی آفر کیوں کی؟

متنازع ترین سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ وقارذکاء نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے بلڈر ملک ریاض حسین نے اداکارہ عظمی خان کے گھر پیش آنے والے مارپیٹ کے واقعے میں اپنی فیملی کی خواتین کا نام سامنے آنے کے بعد اس تاثر کو زائل کرنے کے لئے انہیں اپنے حق میں سوشل میڈیا کیمپین چلانے کے عوض بھاری رقم کی پیشکش کی جسے انہوں نے سختی سے مسترد کردیا۔ وقارذکاء نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ملک ریاض سے الٹا یہ مطالبہ بھی کر ڈالا کہ وہ ان تمام خواتین کو جیل میں بھجوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں جنہوں نے اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن کے گھر جاکر ان پر تشدد کیا اور بعد میں پرتشدد ویڈیوز وائرل کردیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کے ارب پتی بلڈر ملک ریاض حسین کی مبینہ رشتہ دار آمنہ اور فیملی کی دیگر خواتین بشمول ملک ریاض کی بیٹیوں نے نے عید سے ایک روز قبل اپنے شوہر عثمان کو ڈیفنس لاہور کے ایک گھر میں شوبز کی دولڑکیوں کے ساتھ مبینہ طور پر رنگ رلیاں مناتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کر انکی وڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں جس کے بعد ہر طرف طوفان برپا ہو گیا تھا۔ مشہور پاکستانی فلم "جوانی پھر نہیں آنی” سے شہرت حاصل کرنے والی خوبصورت ایکٹریس عظمی خان نے لاہور کے تھانہ ڈیفنس میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض حسین کی دو بیٹیوں پشمینہ اور عنبر سمیت ایک عزیزہ آمنہ کے خلاف اپنے مسلح گارڈز کے ہمراہ ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوکر انہیں اور ان کی چھوٹی بہن ہما خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے، ہراساں کرنے، انکی تذلیل کرنے اور بلیک میلنگ کرنے کے الزامات پر مقدمہ درج کروایا تاہم ملزمان میں سے کسی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔
دوسری طرف ملک ریاض نے اس واقعے کے فوری بعد ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا ان کے خاندان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی آمنہ کا شوہر عثمان نامی شخص ان کا بھتیجا ہے۔
ملک ریاض حسین پاکستان کے سب سے بڑے بلڈر سمجھے جاتے ہیں تاہم ان پر الزام ہے کہ یہ سیاسی راہنماوں، بیوروکریٹس حتیٰ کہ اعلی فوجی حکام کے ساتھ سازباز کرکے نہ صرف لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے وہاں ہاؤسنگ سوسائٹیز بناتے ہیں بلکہ بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری اور دولت ملک سے باہر لے جانے میں بھی ملوث ہیں۔ کچھ عرصہ قبل ملک ریاض کو کراچی میں اونے پونے دانوں سرکاری زمین خریدنے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے ساڑھے چار سو ارب روپے جرمانہ بھی کیا اس کے علاوہ لندن میں ملک ریاض کی ایک متنازعہ جائیداد کی فروخت کے بعد کالا دھن پاکستان میں لایا گیا۔
حالیہ دنوں اداکارہ عظمی خان اور انکی ہما خان پر انکی فیملی کی خواتین کی جانب سے تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ملک ریاض کے ساتھ ایک مرتبہ پھر بری طرح متاثر ہوئی ہے تاہم وہ مسلسل اس بات سے انکاری ہیں اس واقعے میں ان کی فیملی کی خواتین ملوث ہیں۔ وقارذکاء کی جانب سے ملک ریاض پر اس الزام کے بعد کہ وہ اس معاملے سے اپنی فیملی کی خواتین کا نام نکلوانے کے لیے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور بلاگرز کو خریدنا چاہ رہے ہیں، ملک ریاض کے لیے ایک نئی مشکل کھڑی ہوگئی ہے تاہم ابھی تک انہوں نے اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔
وقار ذکا بھی اپنی فلیڈ میں خاصے بدنام ہیں، ان پر انٹرویوز کے دوران لوگوں سے گندے اور ذومعنی سوالات پوچھنے کے حوالے سے اکثر تنقید کی جاتی ہے۔ حال ہی میں وقار نے عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان سے بھی بعض ایسے سوال کئے کہ جواب دے کر ریحام خان بھی پھنس گئیں اور جگ ہنسائی کا نشانہ بنیں۔
ٹاک آف دا ٹاؤن بننے والے اس معاملے کے حوالے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں وقار ذکاء نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک ریاض کی سوشل میڈیا ٹیم اس واقعے کے بعد مجھ سمیت مختلف بلاگرز سے رابطہ کر رہی ہے اور پیسوں کی پیشکش کی جا رہی ہے تاکہ اس حوالے سے منظم سوشل میڈیا کیمپین چلا کر ملک ریاض اینڈ فیملی کو اس معاملے میں بے قصور یا لاتعلق ثابت کیا جائے۔ ویڈیو میں بات کرتے ہوئے وقار ذکا نے ملک ریاض کو مذکورہ خاتون کو جیل بھیجنے کے لئے 24 گھنٹے کا وقت دے دیا۔ وقار کا کہنا تھا کہ ہم یہ بھی مان لیتے ہیں کہ اس خاتون کا آپ سے کوئی تعلق نہیں، لیکن آپ اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے اسے جیل بھیجوا سکتے ہیں تاکہ آپ پر لگا الزام غلط ثابت ہو جائے۔ وقار ذکاء نے یہ بھی چیلنج کیا ہے کہ ان کے پاس وہ آڈیو کالز کی ریکارڈنگ بھی موجود ہیں جس میں مجھے پیشکش کی گئی ہے کہ پیسے لے کر میں ملک ریاض کے حق میں ویڈیو بناؤں۔ اس موقع پر وقار ذکاء کا کہنا تھا کہ میں اس بحث میں نہیں پڑ رہا کہ عظمیٰ خان کیسی عورت ہے یا اس نے کیا کیا۔ یہاں مسئلہ یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس پرخاتون نے جا کر تشدد کیا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور چونکہ اب ان کا نام ملک ریاض سے جڑ رہا ہے اور ملک ریاض کی سوشل میڈیا ٹیم بلاگرز کے پیسے دے رہی ہے، اس لئے میں ملک ریاض کو 24 گھںٹے کا وقت دیتا ہوں کہ وہ اس عورت کو جیل بھجوائیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ عظمیٰ خان نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے حکومت، فوج اور پولیس سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف دلوایا جائے۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد عظمی خان نے اپنے وکلا کی ٹیم کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں میڈیا کو بتایا کہ ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کی وجہ سے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لہذا حکومت انہیں انصاف کے ساتھ ساتھ تحفظ بھی فراہم کرے۔
