ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں اضافہ ہوا ہے : وفاقی ادارہ شماریات

ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں اضافہ ہواہے،جس کےنتیجے میں 100 سے زائد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سےجاری کردہ مہنگائی کی رپورٹ کےمطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں پھر سےمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ہوا ہےجب کہ حالیہ ہفتے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12.80 فیصد رہی ہے۔
حالیہ ہفتے میں روزمرہ استعمال کی 116 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور9 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 26 اشیاکی قیمتوں میں استحکام رہاہے۔
رپورٹ کےمطابق حالیہ ہفتے کےدوران ٹماٹر کی قیمتوں میں 5.78 فیصد، پیاز کی قیمتوں میں 5.49 فیصد،دال چنا کی قیمتوں میں 1.01فیصد،آلو کی قیمتوں میں0.94 فیصد، گڑکی قیمتوں میں0.82 فیصد، آگ جلانےوالی لکڑی کی قیمتوں می ں0.64 فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.15 فیصد اضافہ ہواہے۔
اسی طرح تازہ کھلےدودھ کی قیمتوں میں 0.26 فیصد اور دہی کی قیمتوں میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا جب کہ دال ماش کی قیمتوں میں1.80 فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں1.35 فیصد، چینی کی قیمتوں میں1.30 فیصد، کیلوں کی قیمتوں میں1.27 فیصد، دال مسورکی قیمتوں میں 0.93 فیصد جب کہ آٹے کی قیمتوں میں 0.66 فیصد اضافہ ہواہے۔
ان کے علاوہ انڈوں کی قیمتوں میں 0.28 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.18 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اعداد و شمار میں بتایاگیا ہے کہ حالیہ ہفتے کےدوران حساس قیمتوں کےاشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھن والے طبقے کےلیے مہنگائی کی شرح 0.08 فیصد اضافے کے ساتھ 9.20 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کےلیے مہنگائی کی شرح 0.07 فیصداضافے کے ساتھ13.22 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.05 فیصد اضافے کے ساتھ16.18فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.05 فیصداضافے کے ساتھ 13.14 فیصد رہی جب کہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 11.09 فیصد رہی ہے۔
