ملک کی بقا کیخلاف گھنائونا کھیل بند ہونا چاہئے

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس انتظامیہ کو اس اہم ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں، ملک میں آئین کی بالادستی کی بات ہو ، حقوق کی پامالی کی بات ہو عاصمہ جہانگیر ہمیشہ ایک قوت کی طرح ڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا کرتی تھیں ، وکلا برادری نے ہمیشہ ملکی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جو خوشی کی بات ہے
انھوں نے کہا کہ اس ملک میں حکومتی بنائی جاتی ہیں اور گرائی جاتی ہیں اور پارلیمنٹ کا حال یہ ہے کہ چند منٹوں میں قوانین بلڈوز کر دیئے جاتے ہیں اور نئے قوانین بنا دیئے جاتے ہیں
نواز شریف نے کہا کہ موجود گھٹن زدہ ماحول میں عوام کا جینا محال ہو گیا ہے ، ریاستی اداروں کی من مانیاں ہمارے زوال کا باعث بن رہی ہیں اور ہمیشہ بنتی ہیں اور پھر شکوہ کیا جاتا ہے کہ دنیا میں ہمارے کردار پر سوالات کیوں اٹھائے جاتے ہیں ، آج صرف میڈیا کو ہی نہیں بلکہ جج کو بھی سچ بولنے پر نوکری سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے ، ڈکٹیٹروں نے سرعام کہا کہ آئین کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے جس کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دینا چاہئے
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم نے وقت کی پکار نہ سنی اور اپنی اصلاح نہ کی تو ہمارا مستقبل بہت تاریک ہو سکتا ہے ، اس عوام کے ساتھ گھنائونا کھیل بند ہونا چاہئے ، ہم سب کو مل کر ایک قومی بیانیئے پر متحد ہونے کی ضرورت ہے
