منوج باجپائی کو خودکشی کرنے سے کس نے روکا؟


معروف بھارتی اداکار منوج باجپائی نے انکشاف کیا ہے کہ کئی برس پہلے اداکاری کے سکول میں داخلہ نہ ملنے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے خودکشی کرنے کا سوچ لیا تھا لیکن ان کے دوست ان کو بچانے کے لیے ہر وقت سائے کی طرح ان کے ساتھ رہنے لگے یوں ان کی زندگی بچ گئی۔
گزشتہ دنوں بھارتی اداکار سشانت سنگھ کی خوکشی کے بعد سے انڈسٹری میں اقرباء پروری اور ڈپریشن کے باعث خودکشی پر بحث چل رہی ہے۔ایسے میں بھارتی ریاست بہار سے ہی تعلق رکھنے والے 51 سالہ اداکار منوج باجپائی نے بھی اپنی خودکشی کے ارادے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔ منوج باجپائی کے کریڈٹ پر ستیا، سرکار، باغی، گینگ آف واسع پور اور علی گڑھ جیسی کامیاب فلمیں موجود ہیں اور اب تک یہ 2 بمرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سمیت دیگر کئی فلمی ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں منوج باجپائی نے بتایا کہ جدوجہد کے دنوں میں لوگ مجھ سے مل کر کہتے تھے کہ میں کسی کام کا نہیں ہوں لیکن ان سب باتوں کو سن کر میں اپنی آنکھیں موند لیتا تھا اور ان کی کسی بات پر دھیان نہیں دیتا تھا۔ جب انڈسٹری کے لوگوں کی جانب سے مجھے دھتکارنے کا سلسلہ جاری رہا تو میں ڈیپریشن کا شکار ہو گیا تھا۔ انہوں بتایا کہ میں بالی ووڈ انڈسٹری میں باہر سے آیا تھا اور اسمیں فِٹ ہونے کی کوشش کررہا تھا، اسی دوران میں نے ہندی اور انگریزی بھی سیکھی۔
خیال رہے کہ منوج باجپائی کا شمار بالی وڈ کے بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کی بدولت انڈسٹری میں مقام بنایا ہے۔
1994 میں بولی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے منوج باجپائی نے انکشاف کیا کہ فلم نگری کا حصہ بننے سے قبل نیشنل اسکول آف ڈرامہ میں داخلے کی کوشش کی تو مجھے تین مرتبہ ریجیکٹ کردیا گیا جس کے بعد میں دلبرداشتہ ہوکر خود کشی کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہا تھا۔ ایسے وقت میں میرے دوست ہی میرے کام آئے۔ انہوں نے بتایا کہ جب دوستوں کو میرے عزائم کا پتہ چلا تو نہ صرف انہون نے مجھے حوصلہ دیا بلکہ مجھے اس انتہائی قدم اٹھانے سے روکنے کے لئے سائے کی طرح ہروقت میرے ساتھ رہنے لگے۔ باجپائی کے بقول دوست میرے ساتھ سوتے تھے اور کسی بھی وقت مجھے اکیلا نہیں چھوڑتے تھے، وہ اس وقت تک میرے ساتھ رہے جب تک مجھے انڈسٹری میں قبول نہیں کیا گیا۔
بولی ووڈ میں اقرباء پروری کے رجحان پر بات کرتے ہوئے منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ یہاں اقرباء پروری ہمیشہ ہی رہے گی اور بالی وڈ میں میرا وجود ہی اقرباء پروری کو چیلنج ہے۔ منوج نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری کو ایسے حالات پیدا کرنے والوں کو روکنا ہوگا جو نوجوان اداکاروں کو خودکشی پر مجبور کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button