موٹروے زیادتی کیس ، ملزم عابد کی ماضی میں بریت کے محرکات جاننے کا فیصلہ

موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی ماضی میں زیادتی کے مقدمات میں بری ہونے کے محرکات جاننے کا فیصلہ کرلیاگیا،2013کا کیس دو بارہ کھولنے کا مقصد ملزم عابد اور اس کے ساتھیوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا تعین کرنا ہے ۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق موٹروے زیادتی کیس میں ملوث ملزمان کو ماضی میں پولیس اور با اثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہونے کا انکشاف ہوگیا ، ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی کے واقعات میں متاثرہ خاندان کے ساتھ صلح کے سلسلے میں با اثر شخصیات کا کردار بھی سامنے آ گیا ۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں گینگ کی متاثرہ خاندانوں سے صلح با اثر افراد کراتے رہے ہیں، موٹر وے زیادتی کیس میں بچوں کے سامنے زیادتی میں ملوث ملزم عابد کے سلسلے میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ 2013 کے ایک ریپ واقعے میں بھی وہ ملوث تھا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ با اثر شخصیات نے صلح نامہ کرایا تھا۔ 2013 میں مزدور کے سامنے اس کی اہلیہ اور 15 سالہ بیٹی سے زیادتی کی گئی تھی، اس واقعے کے مقدمے میں ملزم عابد اور اس کے 4 ساتھیوں کی بریت ہوئی تھی، اب حکام نے اس بریت کے اصل محرکات جاننے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایاہے کہ گجرپورہ زیادتی کیس کا ملزم عابد 2013 میں بھی گینگ ریپ کا مرکزی کردار تھا، تاہم یہ سوال کہ مدعی کی جانب سے صلح نامہ جمع کرائے جانے کے پیچھے کون سی شخصیات ملوث رہیں؟ حقائق جاننے کی غرض سے 2013 گینگ ریپ کیس کے مدعی سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کیس ری وزٹ کا مقصد ملزم عابد اور اس کے ساتھیوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا تعین کرنا ہے تاکہ پتا چلایا جاسکے کہ ماضی میں جنسی زیادتی کے سنگین واقعات میں ملوث ملزم عابد کو کس کی سرپرستی حاصلرہی ہے ۔
