موڈیزنےپاکستان کی معاشی صورتحال مستحکم قراردیدی

دنیا بھر کے ممالک کی معیشت پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ مستحکم قرار دیدی۔ وزارتِ خزانہ نے بتایا ہے کہ پاکستان کی بی تھری ریٹنگ برقرار رکھی گئی ہے اور یہ موجودہ مشکل حالات میں حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کا اعتراف ہے۔ موڈیز نے پاکستان کی جانب سے جی 20 ممالک سے قرضے مؤخر کرانے کےلیے رجوع کرنے پر ریٹنگ ڈاؤن گریڈ کرنے کا جائزہ لینا شروع کیا تھا تاہم صورت حال میں بہتری کو دیکھتے مستحکم معاشی آؤٹ لک برقرار رکھی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نےبتایا ہےکہ موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورت حال کو مستحکم قرار دیتے ہوئے بی تھری ریٹنگ برقرار رکھی ہے۔ موڈیز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سال 2021 میں پاکستان کی معاشی پیداوار مثبت رہےگی۔ موڈیز نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان نے مختلف معاشی شعبوں میں بہتری کی ہے جن کا اثرات اچھے آئیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاشی شرح نمو 1 سے 2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
موڈیز کےمطابق کرونا وائرس کی وجہ سے ٹیکس ریوینیو میں کمی آئی لیکن اس میں اضافہ متوقع ہے۔ حکومت پر قرضوں کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی اداروں کی مالی امداد سے خطرات میں کمی آئی ہے۔ رپورٹ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور ایکسچینج ریٹ میں لچک خوش آئند قرار دی گئی ہے۔ موڈیز کی جانب سے پاکستان کےلیے مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بدولت اگلے ایک سے ڈیڑھ سال تک بیرونی مالی ضروریات پوری ہوں گی۔ کورونا کی وجہ سے کچھ عرصے معاشی سرگرمیوں ماند رہنے کا خدشہ ہے لیکن اس میں بہتری آئے گی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے، شرح سود میں مہنگائی میں کمی کے تناسب سے ردوبدل متوقع ہے جب کہ رواں مالی سال قرضوں کا بوجھ جی ڈی پی کے 90 فیصد کی بلند سطح پر رہے گا اور مالی خسارہ جی ڈی پی کے 8 سے 8.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ موڈیز کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا ہے، مون سون بارشیں زرعی شعبے پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، خشک سالی یا سیلاب معاشی اور سماجی نقصانات کا باعث بن سکتے ہیں۔ موڈیز نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں گورننس کے شعبے میں بہتری آئی ہے، قانون کی حکمرانی اور کرپشن پر قابو پانے میں بہتری کے اشارے ملے ہیں، حکومت احساس پروگرام کے ذریعے غربت میں کمی کےلیے کوشاں ہے۔ رپورٹ میں درج ہے کہ معیاری صحت، تعلیم، بجلی اور پانی جیسی سہولیات تر رسائی محدود ہے۔
واضح رہے کہ موڈیز نے پاکستان کی جانب سے جی 20 ممالک سے قرضے مؤخر کرانے کےلیے رجوع کرنے پرریٹنگ ڈاؤن گریڈ کرنے کا جائزہ لینا شروع کیا تھا تاہم صورت حال میں بہتری کو دیکھتے مستحکم معاشی آؤٹ لک برقرار رکھی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button