میانمار،2 کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ میانمار کے ساحل کے قریب دو بڑی کشتیاں ڈوبنے سے 500 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کے ساحل کے قریب 2 کشتیوں کے الٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں 500 سے زائد افراد سوار تھے۔

بیان کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی جنگ سے متاثرہ  ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں جن میں سوار زیادہ تر مسافر ملک کی اقلیتی مسلم  روہنگیا برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ کچھ افراد بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے کیمپوں سے بھی روانہ ہوئے تھے جہاں راکھائن سے ہجرت کرنے والے 10 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین انتہائی خراب حالات میں رہ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک کشتی جس میں تقریباً 250 افراد سوار تھے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہو گئی جبکہ دوسری کشتی جس میں تقریباً 280 افراد سوار تھے 8 جولائی کو میانمار کے ایئیرواڈی ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ہے۔

 

Back to top button