نئے آرمی چیف کا نام بدھ تک سامنے آ جائیگا

ملک بھر میں نئے آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر ہیں، اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بدھ تک نئے آرمی چیف کا نام منظر عام پر آ جائے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگلے ہفتے منگل یا بدھ تک آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا، جو نام سمری میں آئیں گے اُن میں سے ہی ایک نام پر سب کا اتفاق رائے ہوگا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل پیر سے شروع ہوگا اور 29 نومبر کو تقریب ہوگی جبکہ اتفاق ہوگیا ہے کہ کسی بھی نام پر عسکری و سیاسی قیادت اتفاق کرے گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ اسحاق ڈار نے صدر سے ملاقات میں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بات کی، سسٹم میں فوج کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کوئی بھی فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت کے بغیر نہیں کریں گے۔ عمران خان آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں کسی نے اتنے الزام نہیں لگائے جتنے عمران خان نے لگائے، وہ بار بار ایک ہی بات دہرا رہے ہیں کہ نواز شریف مرضی کا آرمی چیف لا رہے ہیں۔

قبل ازیں نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اہم تعیناتی کے معاملے پر اتفاق ہو چکا ہے، معاملہ پیپر پر آنا اور رسمی اعلان ہونا باقی ہے جو ایک دو روز میں ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس تعیناتی کا اختیار آئینی طور پر وزیر اعظم کا ہے اور وہ ہی اس کا فیصلہ بھی کریں گے، چونکہ حساس نوعیت کے فیصلے پر اتفاق رائے ہوتا ہے اس لیے مشاورت بھی کی گئی البتہ اس کا ہرگز مقصد اختیار نہیں ہے کیونکہ آئینی طور پر وزیراعظم کو ہی فیصلہ کرنا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمیں جہاں اسحاق ڈار کی مدد کی ضرورت تھی وہاں اُن سے خدمات لی گئیں ہیں، ایک دو دنوں میں آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہوجائے گا۔

Back to top button