نادیہ جمیل نے کینسر کو شکست دے دی، شوگر کا شکار

بریسٹ کینسر کا شکار اداکارہ نادیہ جمیل نے بالآخر کینسر کے موذی مرض کو شکست دے دی ہے لیکن دوران علاج وہ شوگر کے مرض کا شکار ہو گئی ہیں۔
کینسر سے نبرد آزما نادیہ جمیل نے بتایا کہ کیموتھراپی کے سیشنز کے باعث ان کا شوگر لیول 600 سے تجاوز کر جاتا تھا اور اب وہ ذیابیطس کا شکار ہوگئی ہیں اور اسپتال سے نکلنے کے بعد سب سے پہلے انسولین لگانا سیکھیں گی۔ نادیہ نے لکھا کہ وہ اب بھی شدید کمزوری اور گھبراہٹ محسوس کرتی ہیں لیکن مداحوں کے پیار بھرے حوصلہ افزاء پیغامات انہیں ہمت دلاتے رہتے ہیں کہ اچھا وقت دور نہیں۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں نادیہ جمیل نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ براہِ کرم سب میرے لئے دعا کریں کہ میں کچھ کھا سکوں، کیونکہ کییموتھراپی کے بعد سے میں نےکچھ نہیں کھایا، گزشتہ ایک ہفتے سے صرف ایک سیب اور آدھی ڈبل روٹی کھائی ہے۔ انہوں نے تمام بیماروں کی شفایابی کےلیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ سب کمزور لوگوں کی مدد کرے اور ساتھ ہی صحت کی دولت سے مالا مال لوگوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ اپنی زندگی میں کسی چیز کو بے معنی نہ سمجھیں۔
نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنے بازو کی سرنج کے نشانوں سے بھری تصویر پوسٹ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے وہ کیموتھراپی برداشت کرنے پر اپنے بائیں بازو کو ایک نظم کی صورت میں خراج تحسین پیش کررہی ہیں۔ ساتھ میں انہوں نے ایک نظم بھی پوسٹ کی ہے۔
یاد رہے کہ نادیہ کو اپریل کے مہینے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی انہوں نے اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے خواتین کو تلقین کی تھی کہ وہ اپنی جسمانی صحت کو نظر انداز نہ کریں اور کوئی بھی تبدیلی محسوس کریں تو نظرانداز کرنے کے بجائے فوراً اس پر توجہ دیں۔ انہوں نے لکھا تھا چار روز میں دو بار علاج کےلیے جاچکی ہوں۔ انہوں نے مزید لکھا تھا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وہ اداسی، خوف، محبت، سکون، قبولیت، صبر اور شکر جیسے ملے جلے احساسات سے دوچار ہیں جبکہ اس دوران انہیں اپنے بچوں، والدین، اپنے پیاروں اور خود کےلیے ذمہ داری کا احساس بھی ہوا۔ ایک اور ٹوئٹ میں نادیہ جمیل نے بتایا تھا کہ ’بریسٹ کینسر کی پہلی اسٹیج ہے اور ٹیومر کا تیسرا گریڈ ہے۔ بعد ازاں 6 اپریل کو انہوں نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کا ابتدائی چھوٹا آپریشن کردیا گیا اور 2 ہفتوں کے دوران ان کے لمف نوڈ بائیوپسی کے کیموتھراپی اور ریڈی ایشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا اور بعد ازاں انہیں کیموتھراپی کے ڈوز دینے کا آغاز کیا گیا تھا۔ عید الفطر کے موقع پر ان کی دوسری کیموتھراپی کی گئی تھی۔
نادیہ جمیل نے ایک پوسٹ میں اپنے سر کے بال منڈوانے کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ کینسر کے علاج کے دوران ان کے بال کمزور ہوچکے تھے اور وہ جھڑنے لگے تھے، انہوں نے سر کے بال منڈوائے جانے پر دکھ کا اظہار بھی کیا تھا اور کہا کہ سر کے بال خواتین کی خوبصورتی ہوتے ہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے امید کا اظہار بھی کیا کہ ان کےلیے آنے والا کل گزرے ہوئے کل اور آج سے بہتر ہوگا۔
خیال رہے کہ نادیہ جمیل اس سے قبل مرگی کا شکار بھی رہ چکی ہیں۔ وہ دوران نیند سانس رک جانے کے مرض سینٹرل سلیپ اپنیا کا شکار رہیں اور اس سے صحت یاب بھی ہو چکی ہیں۔ اداکارہ نادیہ جمیل اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بے حد سرگرم رہتی ہیں، خصوصاً بچوں کے حوالے سے وہ خاصی فعال رہی ہیں۔ ۔
