نادیہ خان نے عورت کیلئے دوسرے مرد کو سانپ قرار کیوں دیا؟

معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ طلاق یا رومانوی تعلقات ختم ہونے پر کسی بھی دوسرے مرد کے انتخاب میں گریز کریں کیونکہ زندگی میں دوسرا مرد ہمیشہ سانپ ثابت ہوتا ہے۔نادیہ خان نے حال ہی میں ’’ندا یاسر‘‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ان سمیت دیگر اداکارائیں اور خواتین بھی شریک ہوئیں اور انہوں نے عورتوں کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی، اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی خاتون کو طلاق ہوجائے یا اس کے رومانوی تعلقات ختم ہوجائیں تو وہ فوری طور پر کسی بھی صورت میں دوسرے مرد کے ساتھ روابط میں نہ آئے، ایک غلطی کے بعد دوسری غلطی نہ کرے، عام طور پر خواتین جب ایک بار اونچائی سے گرتی ہیں تو زیادہ تر امکان یہی ہوتا ہے کہ انہیں دوبارہ بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسے ہی وقت میں وہ کمزور پڑ جاتی ہیں لیکن اس وقت ہی انہیں مضبوط ہونا چاہئے۔اداکارہ کے مطابق جب خواتین کمزور پڑتی ہیں، وہ طلاق یا کسی سے تعلقات ختم ہونے کے دور سے گزر رہی ہوتی ہیں، تب ان کے پاس بہت سارے لوگ انہیں سہارا دینے کے لیے آتے ہیں اور وہ ان کا ہمدرد بننے کا ڈراما کرتے ہیں۔ایسے ہی وقت میں خواتین کو کسی بھی صورت میں کسی مرد کو اپنے دل کا حال نہیں بتانا چاہئے، انہیں کسی مرد کے سامنے رونا نہیں چاہئے۔انہوں نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ پہلے تعلقات کی ناکامی کے بعد خود مختار بنیں، روزگار اور کاروبار کریں، گھر بنائیں، اس کے بعد پرسکون ہوکر کسی سے دوبارہ تعلقات استوار کرنے سے متعلق فیصلہ کریں، خواتین اس وقت بھی غلطی کرتی ہیں جب ان کے سابق شوہر یا سابق بوائے فرینڈ شادی کر لیتی ہیں اور وہ انہیں جلانے اور دکھانے کے لیے بھی مجبوراً شادی کرتی ہیں لیکن بعد میں انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان کا فیصلہ غلط تھا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر خواتین دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر ایک مرد کے بعد دوسرے مرد کا سہارا تلاش کرتی ہیں اور ایسی عورتوں کے دل کو ان کا دماغ ورغلاتا ہے، انہوں نے بھی شروع میں غلطیاں کیں لیکن بعد میں وہ اپنے دماغ کا کھیل سمجھ گئیں تاہم اداکارہ نے اپنی غلطیوں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی اور خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دل اور دماغ کی سننے کے بجائے دماغ کو اپنے کنٹرول میں رکھیں اور ایک غلطی کے بعد دوسری غلطی کرکے کمزور نہ پڑیں اور دوسرے مرد کو دوبارہ سہارا بنانے کی غلطی نہ کریں۔
