پاکستان میں بڑی عید کب ہو گا؟ رویت ہلال کیلئے بڑا اجلاس طلب

پاکستان میں عید الاضحیٰ کب ہوگی؟پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار 17 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں ہوگا جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن سپارکو نے ذوالحجہ کے چاند سے متعلق اپنی فلکیاتی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔سپارکو کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے۔ادارے کے مطابق 17 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کیلئے موزوں سمجھی جاتی ہے۔
سپارکو نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا فرق متوقع ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق واضح ہو۔فلکیاتی اعداد و شمار کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 ہونے کا امکان ہے۔سپارکو نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم نئے اسلامی مہینے کے آغاز اور عید کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔سپارکو نے واضح کیا کہ رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔
