پاکستان کے کون کون سے علاقوں میں طوفان آنے والا ہے؟

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 سے 22 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، لاہور، سیالکوٹ، قصور، ملتان اور گرد و نواح میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی 19 سے 22 مئی کے دوران بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور خضدار میں بارش متوقع ہے، تاہم صوبے کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، سوات، پشاور، بنوں، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور لنڈی کوتل میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ اور کوٹلی میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ گلگت، اسکردو، نگر، غذر، دیامر، گانچھے، شگر، کھرمنگ، راولاکوٹ، میرپور اور بھمبر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، کالام، مالاکنڈ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی، بارش یا تیز ہواؤں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عوام کو کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حساس علاقوں کے رہائشی مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
