نواز شریف کو باہر بھیجنے کا مطالبہ کرنے والے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے بارہا نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے تحریک انصاف کی حکومت کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے سے تحریک انصاف کے انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو شدید دھچکا لگا۔اب ایک بار پھر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بیان دیا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ن لیگ اور ان کے میڈیا حمایتی دن رات بتاتے تھے کہ نواز شریف کتنے بیمار ہیں، کہتے تھے نواز شریف کو باہر نہ بھیجا گیا تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گا۔وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ کل سے یہ کہہ رہے ہیں حکومت نے خود نواز شریف کو باہر بھیجا تھا، ہم کیسے بلوائیں، یہی وہ دھوکا دہی اور جھوٹ ہے جس کی بنیاد پر ن لیگ کی تشکیل ہوئی۔
نون لیگ کے لیڈرز اور میڈیا میں ان کے حمائیتی دن رات بتاتے تھے کہ نواز شریف کتنے بیمار ہیں اور اگر نہ بھیجا گیا تو کس طرح ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوگا، کل سے یہ حضرات کہ رہے ہیں حکومت نے خود بھیجا تھا،ہم کیسے بلوائیں،یہی وہ دھوکہ دہی اور جھوٹ ہےجس کی بنیاد پر نون لیگ کی تشکیل ہوئ
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 23, 2020
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کا اسٹیٹس مفرور کا ہے اور حکومت نیب سے کہے گی کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے نیب حکام کا اس حوالے سے مؤقف ہے کہ نواز شریف کو حکومت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لہذا انہیں واپس لانے کے احکامات بھی وفاقی حکومت ہی کرے۔
