نواز شریف کے بعد مرحومہ بیگم کلثوم نواز،اسحاق ڈار کی بھی جعلی ویکسی نیشن

سابق وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں دو جعلی ویکسین لگائے جانے کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو بھی کرونا ویکسین کی سنگل ڈوز لگانئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ذرائع نے اس حوالے سے تصدیق کی کہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو ویکسین لگانے کی جعلی انٹری میلسی میں ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سابق خاتون اول مرحومہ بیگم کلثوم نواز کو سائنو ویک کی پہلی خوراک 5 اکتوبر کو لگائی گئی جبکہ دوسری خوراک کیلئے 6 نومبر کو بلایا گیا ہے ، یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کو تین سال گزر چکے ہیں۔
جبکہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں وزیر خزانہ رہ چکے اسحاق ڈار کو بھی کرونا ویکسین لگانے کی جعلی انٹری سامنے آئی ہے۔اسحاق ڈارکو سنگل ڈوز ویکسین کین سائنو کی جعلی انٹری کی گئی اور یہ انٹری ملتان کے ہیلتھ یونٹ میں سامنے آئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب نے اس حوالے سے ایف آئی اے کو کارروائی کیلئے خط لکھ دیا ہے جس میں جعلی اندراج کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی درخواست کی گئی ہے ، واضح رہے کہ لاہور کے بعد نارووال اور خیرپور ٹامیوالی میں بھی نواز شریف کے نام پر ویکسی نیشن کا جعلی اندراج سامنے آیا ہے۔
